کتاب: احکام و مسائل جلد اول - صفحہ 581
نہیں اس چوتھی تحریر کو بھی واپسی کے ساتھ رجسٹری کیا جا رہا ہے ۔ فقط والسلام ابن عبدالحق بقلم۱۵محرم۱۴۰۲ ھ مکرمی حضرت مولانا عبدالمنان صاحب مدظلہ العالی السلام علیکم ورحمۃ اللہ گزارش ہے کہ بندہ نے جو مسئلہ تقلید سمجھنے کے لیے کوشش کی کافی حد تک اس میں ناکامی نظر آ رہی ہے اور بات کو حل کرنے کی بجائے طول دیا جا رہا ہے البتہ اس دفعہ آپ نے لکھا ہے کہ بندہ کا نظریہ آپ کو تحریری بات چیت میں نہ ملے تو مجھے لکھیں ان شاء اللہ تعالیٰ نشاندہی کر دی جائے گی مکرمی اب بات کو مزید طول نہ دیں اور اپنا نظریہ اور معنی تقلید مع مدلل حکم تحریر فرما دیں آپ سے تقلید کا معنی اسی لیے متعین کروایا ہے کہ یہ لفظ آپ کے مسلک کی کتب میں بھی موجود ہے چنانچہ فتاوی نذیریہ ص۱۷۹ ج۱ میں ہے کہ افضل کی موجودگی میں مفضول کی تقلید جائز ہے اور ہدیۃ المہدی ص۱۱۰ میں ہے کہ عامی کے لیے تقلید علماء ضروری ہے اور کتاب سیدی والی ص۳۷۵ میں ہے ائمہ اہل سنت میں سے کسی ایک امام کی تقلید کو جو بغیر کسی تعین کے ہو واجب قرار دیتے ہیں اور مولانا ثناء اللہ صاحب فرماتے ہیں اور ان کو (یعنی عوام الناس) تقلید سے چارہ بھی نہیں اجتہاد وتقلید ص۵۶ علماء اہلحدیث کی ان تصریحات کے پیش نظر اب آپ اپنا نظریہ بیان فرما دیں تاکہ مجھے سمجھنے میں آسانی رہے اور تقلید کا ایسا معنی فرما دیں جس کو فریقین تسلیم کرتے ہوں آگے تفصیل میں گرچہ اختلاف ہو اور یا دوسری صورت یہ ہے کہ آپ کا نظریہ ان علماء اہلحدیث سے ہٹ کر ہو یعنی تقلید کسی صورت بھی جائز نہیں حرام ہے اور تقلید کا میرے نزدیک یہ معنی ہے جس کی وجہ سے یہ ہر حالت میں حرام ہے اب ادھر ادھر مجھے نہ بھیجیں اس دفعہ ضرور تکلیف فرما کر اس عقدہ کو حل فرما دیں تاکہ حق بات کھل کر سامنے آ جائے شاید اس میں دین کی بہتری ہو اور مجھ جیسے ناکارہ کو بات سمجھ آ جائے ۔ والسلام : محمد عبداللہ راشدؔ دارالتوحید والسنہ منڈیالہ تیگہ ضلع گوجرانوالہ21/11/81 بسم اللّٰہ الرحمٰن الرحیم جناب راشد صاحب زادنی اللّٰه تعالی وایاک علما نافعا وعملا صالحا وعلیکم السلام ورحمۃ اللّٰه وبرکاتہ اما بعد ! ۲۵ محرم ۱۴۰۲ ھ بعد از نماز ظہر آپ کا پانچواں گرامی نامہ موصول ہوا جس میں آپ لکھتے ہیں ’’اب ادھر ادھر مجھے نہ بھیجیں‘‘ محترم اپنی کسی سابقہ تحریر کا حوالہ دینا ادھر ادھر بھیجنا نہیں چنانچہ میری چوتھی تحریر کو ایک دفعہ پھر پڑھیں اس میں آپ کو ادھر ادھر نہیں بھیجا گیا صرف اپنی سابقہ تحریروں کا حوالہ دیا گیا ہے آپ کی سہولت کے پیش نظر اپنی چوتھی تحریر کو نیچے درج کر رہا ہوں :