کتاب: احکام و مسائل جلد اول - صفحہ 558
س: بصد ادب گزارش ہے کہ اس سے قبل آپ سے خواب کی تعبیر پوچھی تھی جو کہ الحمد ﷲ صحیح ثابت ہوئی ہے ۔ اللہ نے بیٹا عطا کیا تھا ۔
اور اب حضرت والد محترم کو خواب میں حضرت نوح علیہ السلام کی زیارت ہوئی ہے کہ ’’میں اور ہمارے استاد مکرم مولانا عبدالرحمن سیکرٹری حافظ آباد والے حافظ آباد میں تشریف فرما ہیں ۔ ہمارے پاس ایک خوبصورت طویل جسم والا آدمی آیا ہے ۔ اور استاد مکرم نے مجھ سے سوال کیا ہے کہ یہ شخص کون ہے ۔ تو میں نے کہا یہ حضرت نوح علیہ السلام ہیں تو انہوں نے اس بات کی تصدیق کی ۔ کہ واقعی یہ حضرت نوح علیہ السلام ہیں‘‘اس کی تعبیر کیا ہو سکتی ہے ۔ قرآن حدیث کی رو سے واضح فرما کر عنداللہ اور عندنا مشکور ہوں ۔
حافظ محمد ادریس گوہڑوی نوشہرہ ورکاں26/8/98
ج: آپ کے والد گرامی حفظہ اللہ تبارک وتعالیٰ کو ئی اہم دینی کام کر رہے ہیں یا کرنے کا پروگرام رکھتے ہیں اس میں کچھ اپنوں اور کچھ بیگانوں کی طرف سے رکاوٹیں ڈالی جا رہی ہیں یا ڈالی جائیں گی آخر کامیابی وکامرانی جناب کے والد گرامی اور ان کے ساتھیوں کو ہی حاصل ہو گی ان شاء اللہ سبحانہ وتعالیٰ ۔ واللہ اعلم ۱۹/۵/۱۴۱۹ ھ