کتاب: احکام و مسائل جلد اول - صفحہ 557
تعبیر الرؤیا …… خوابوں کی تعبیر
س : اگرآدمی کو خواب کی تعبیر نہ آتی ہو تو کوئی اچھی بات بتا دے ؟ مختار احمد فاروقی ضلع ایبٹ آباد
ج: اگر آدمی کو خواب کی تعبیر نہ آتی ہو تو صاف صاف کہہ دے مجھے نہیں آتی ۔ ۱۴/۲/۱۴۱۵ ھ
س: ایک حاملہ عورت نے یہ خواب دیکھا کہ ’’ایک اونٹ جس کی کھال اتار لی گئی ہے اور اس کے پیٹ کے ساتھ ایک چھڑی سے ٹیک لگا کر کھڑا کر دیا گیا ہے ۔ اسی دوران اوپر سے چیلیں آئیں اور نوچ نوچ کر تمام گوشت کو کھا گئیں۔ اور اس کی گردن ایک زور دار آواز کے ساتھ ٹوٹ گئی ۔ جس کی آواز دور دور تک سنی گئی ‘‘۔ مہربانی فرما کر اس سلسلے میں ہماری رہنمائی فرمائیں ؟ حافظ محمد ادریس گوہڑوی نوشہرہ ورکاں
ج: اپنے ناقص علم کے مطابق تعبیر کچھ اس طرح ہے کہ اللہ تعالیٰ اسے اب کے یا پھر کبھی ایک بچہ عطا کرے گا جو دنیاوی اعتبار سے بڑا مشہور ہو گا دنیا دار اس سے خوب فائدہ اٹھائیں گے ۔ ان شاء اللہ تبارک وتعالیٰ ۱۵/۸/۱۴۱۷ ھ
س : میری والدہ جو کہ تقریباً عرصہ تین سال سے وفات پا چکی ہیں ان کی فوتگی کے تقریباً ڈیڑھ سال بعد میرے والد صاحب اس دنیا فانی سے رخصت ہو گئے مجھے مسلسل تین بار وقفے وقفے سے خوابیں آئی ہیں جو کہ یہ ہیں میرے والد صاحب اور والدہ جو کہ ہمارا بڑا کمرہ جس میں والدہ رہتی تھیں اسی کمرے میں ایک طرف والدہ صاحبہ اور دوسری طرف والد مرحوم لیٹے ہیں میں اور میرے گھر والے سبھی ان کے قریب بیٹھے ہیں ہم سب ان سے باتیں کرتے ہیں لیکن وہ ہماری ان باتوں کا کوئی جواب نہیں دیتے بس کھانا کھا کر لیٹ جاتے ہیں برائے مہربانی فرما کر اس خواب کی تعبیر کا جواب قرآن وحدیث کی روشنی میں دیں تاکہ ہماری تسلی ہو ۔
شفیق الرحمن غازی آباد لاہور
ج: آپ کے اس خواب میں آپ کو بتایا گیا ہے والدین کی طرف سے صدقہ کرو اور ان کے لیے دعا کرتے رہا کرو ہو سکے تو ان کی طرف سے کوئی صدقہ جاریہ کر دو ۔
یہ بھی اشارہ ہے آپ کی بیوی کے والدین اگر زندہ ہیں تو ان کو راضی کرو اور اگر فوت ہو گئے ہیں تو ان کے لیے دعاء واستغفار اور صدقہ کرو ۔ واللہ اعلم ۱۸/۵/۱۴۱۸ ھ