کتاب: احکام و مسائل جلد اول - صفحہ 517
کوئی قرینہ کتاب وسنت میں مل جائے تو ندب واستحباب پر محمول ہو گا مگر داڑھی کے سلسلہ میں کتاب وسنت میں کوئی قرینہ صارفہ نہیں ہے ۔
(۲) چھوٹی داڑھی اگر قدرتی اور فطرتی ہے تو درست ہے البتہ کٹوا کر یا کسی اور طریقہ سے اسے چھوٹی کرنا رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے فرمان :﴿أَعْفُوْا اللِّحٰی﴾ کے منافی ہونے کی بنا پر ناجائز گناہ اور حرام ہے اگر کسی صحابی رضی اللہ عنہ سے یہ چیز سرزد ہوئی تو یہ ان کی خطا ہے اور اللہ تعالیٰ نے صحابہ کرام رضی اللہ عنہم کی تمام خطائیں معاف کر دی ہیں فرمایا :﴿رَضِیَ اللّٰه عَنْہُمْ وَرَضُوْا عَنْہُ﴾(۱) [اللہ ان سے راضی اور وہ اس سے راضی] ﴿وَأَعَدَّلَہُمْ جَنَّاتٍ تَجْرِیْ تَحْتَہَا الْأَنْہَارُ خَالِدِیْنَ فِیْہَا أَبَدًا ذٰلِکَ الْفَوْزُ الْعَظِیْمُ﴾ (۲) [اور تیار کر رکھے ہیں واسطے ان کے باغ کہ بہتی ہیں نیچے ان کے نہریں رہیں گے ہمیشہ اس میں یہی ہے بڑی کامیابی] ایک مقام پر فرمایا: ﴿وَلَقَدْ عَفَا عَنْکُمْ﴾(۳)[اور البتہ تحقیق اس نے درگزر کی تم سے]
(۳) ’’داڑھی اسلام میں ہے اسلام داڑھی میں نہیں ہے‘‘ سوال نمبر۳ میں آپ نے یہ الفاظ لکھے ہیں جبکہ پہلے آپ لکھ آئے ہیں ’’داڑھی اسلام میں ہے سارا اسلام داڑھی میں نہیں ہے‘‘ دوسرے الفاظ قدرے درست ہیں مگر ان سے داڑھی کٹانے کٹوانے یا کاٹنے کترنے کا جواز نہیں نکلتا دیکھئے اس وزن پرکوئی صاحب اگر کہیں ’’نماز اسلام میں ہے سارا اسلام نماز میں نہیں ہے ، زکاۃ اسلام میں ہے سارا اسلام زکاۃ میں نہیں ہے ، روزہ رمضان اسلام میں ہے سارا اسلام روزہ رمضان میں نہیں ہے ، حج اسلام میں ہے سارا اسلام حج میں نہیں ہے ‘‘ حتی کہ یہ بھی کہہ دے ’’توحید باری تعالیٰ اسلام میں ہے سارا اسلام توحید باری تعالیٰ میں نہیں ہے‘‘ تو آپ غور فرمائیں ان الفاظ وکلمات سے نماز ، زکاۃ ، روزہ رمضان ، حج اور توحید کے ترک کا جواز نکلے گا یا ان ارکان خمسہ کے اندر نقص وکمی کا جواز نکلے گا یا ان کا فرض نہ ہونا نکلے گا؟؟؟ نہیں ہر گز نہیں بلکہ اس میں اسلام کی ایک چیز کو اپنانے اور اسلام کی دوسری چیزوں کو نہ اپنانے پر قدغن ہے اور اسلام کی تمام چیزوں کو اپنانے کی تلقین وتاکید ہے ۔ واللہ اعلم ۷/۶/۱۴۲۰ ھ
س : آپ نے ایک تحریر دی تھی جس میں لکھا تھا کہ داڑھی رکھنا فرض ہے مجھے اس سے کوئی اختلاف نہیں۔ لیکن کسی ایک عالم نے سوال کیا ہے کہ نماز پڑھنی بھی فرض ہے اور داڑھی رکھنا بھی فرض ہے اب بتائیں کہ ان دونوں فرضوں میں کوئی فرق ہے یا کہ نہیں الگ الگ بیان کریں تاکہ مسئلہ سمجھنے میں آسانی ہو جائے ۔