کتاب: احکام و مسائل جلد اول - صفحہ 492
چاہیے کہ صلہ رحمی کے ساتھ ساتھ دعا﴿اَللّٰہُمَّ أَکْثِرْ مَالِیْ وَوَلَدِیْ وَبَارِکْ لِیْ فِیْمَا اَعْطَیْتَنِیْ﴾ [اے اللہ میرے مال واولاد میں اضافہ فرما اور میرے رزق میں برکت ڈال] کثرت سے پڑھتا رہے ۔
(۲) آخری تین قل بایں صورت کہ تینوں قل تین تین دفعہ پڑھ کر دونوں ہاتھوں میں پھونک لگائے پھر سر سے لے کر پاؤں تک پورے بدن پر جہاں جہاں ہاتھ پہنچ سکتے ہیں دونوں ہاتھ پھیرے یہ عمل تین مرتبہ کرے ۔ ۲۰/۸/۱۴۱۹ ھ
س: بعض لوگ ہمارے محلہ کی مسجد میں نماز مغرب کے بعد اکٹھے بیٹھ کر بتیاں (روشنی) بجھا کر بلند آواز سے ذکر ’’اللہ ہو‘‘ وغیرہ مخصوص طریقہ سے کرتے ہیں یعنی ذکر کے ساتھ جھولتے ہیں اور آخر میں ٹکیاں وغیرہ بھی تقسیم کرتے ہیں ؟
عصمت خاں چھچھر والی گوجرانوالہ 3 جولائی1986
ج: مذکور بالا سوال میں بیان کیے ہوئے طریقہ وکیفیت سے اللہ تعالیٰ کا ذکر کرنا نہ قرآن مجید سے ثابت ہے اور نہ ہی رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی سنت وحدیث سے لہٰذا اس طریقہ وکیفیت کے ساتھ ذکر کرنا درست نہیں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا جو ہمارے اس امر میں ایسی چیز نکالے جو اس سے نہ ہو تو وہ ردّ ہے 1۔ صحیح مسلم کی ایک روایت میں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا جو کوئی ایسا عمل کرے جس پر ہمارا امر نہ ہو تو وہ ردّ ہے ۔ 2 واللہ اعلم ۲۵/۱۰/۱۴۰۶ ھ
س: مروجہ محافل ذکر کی انعقاد کر کے حلقہ باندھ کر ذکر کرنا بآواز ِ بلند یا خفیہ جائز ہے اگر ناجائز ہے تو دلائل سے ثابت کریں ؟
عبدالحنان خانیوال
ج: جن اذکار میں جہر کتاب وسنت سے ثابت ہے وہ تو جہراً ہی ہوں گے ان کے علاوہ اذکار کے متعلق اصول ہے:﴿وَاذْکُرْ رَّبَّکَ فِیْ نَفْسِکَ تَضَرُّعًا وَّخِیْفَۃً وَّدُوْنَ الْجَہْرِ مِنَ الْقَوْلِ بِالْغُدُوِّ وَالْاٰصَالِ وَلاَ تَکُنْ مِّنَ الْغَافِلِیْنَ﴾(۳) [اور یاد کرتا رہ اپنے رب کو اپنے دل میں گڑگڑاتا ہوا اور ڈرتا ہوا اور ایسی آواز سے جو بولنے سے کم ہو صبح کے وقت اور شام کے وقت اور مت رہ بے خبر]
۷/۷/۱۴۲۰ ھ
س: ذکر کرنا اور تسبیح استعمال کرنا درست ہے انسان ۱۰۰ مرتبہ کسی کلمہ کا ورد کرنا چاہتا ہے لیکن ہاتھوں پر بھول جاتا ہے اس کے لیے کیا حکم ہے ؟ عتیق الرحمن
ج: ابوداود میں ہے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا : ’’انگلیوں کے پوروں پر گنو‘‘4 انگلیوں پر گنتی کا عربی طریقہ سیکھ لیں آپ بھولیں گے نہیں ۔ ان شاء اللہ تعالیٰ ۶/۱۰/۱۴۱۸ ھ