کتاب: احکام و مسائل جلد اول - صفحہ 488
ج: اللہ تعالیٰ سے دعا مانگنے کا صحیح طریقہ وہی ہے جو رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے کتب حدیث وتفسیر میں منقول ہے بعض دعاؤں میں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے ہاتھ اٹھائے ہیں مثلاً بارش کی دعاء ، قنوت نازلہ والی دعاء ، قبرستان میں دعاء اور کسی کے مطالبہ پر دعاء ، اوربعض دعاؤں میں ہاتھ اٹھانے کا ثبوت رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے نہیں ملتا مثلاً قنوت نازلہ کے علاوہ نماز میں دعاء قنوت وتر میں دعاء ، نمازوں کے بعد دعاء ، بیت الخلا میں داخل اورخارج ہوتے وقت دعاء مسجد میں داخل ہوتے اور خارج ہوتے وقت دعاء ، گھر میں داخل ہوتے نیز خارج ہوتے وقت دعاء اور اپنی بیوی کے پاس جاتے وقت دعاء۔ پھر دعاء کی قبولیت کے لیے کچھ شرائط ہیں جن کا ذکر کتب حدیث اور بعض کتب ادعیہ میں ملتا ہے مثلاً غذا ولباس کا حلال ہونا ، دعاء کا اثم وقطع رحم کا نہ ہونا وقت دعا دل کا غافل نہ ہونا اور دعا کرنے والے کا اللہ تعالیٰ کے قبول کرنے سے مایوس نہ ہونا ۔ واللہ اعلم ۳/۱۰/۱۴۱۹ ھ س: ۷۸۶ کی حقیقت کے بارے میں وضاحت فرمائیں جو آج کل بسم اللہ کی جگہ بہت مشہور ہو رہا ہے۔ محمد سلیم بٹ ج: کتاب وسنت میں اس کا کوئی ثبوت نہیں ۔ ۱۵/۲/۱۴۱۶ ھ س: ہمارے علاقے میں کچھ دنوں سے ایک نیا رواج ہو گیا ہے پہلے تو کبھی کبھی ہوتا تھا لیکن آج کل تو شاید ہی کوئی دن خالی جاتا ہو ۔ ہوتا یوں ہے کہ کسی آدمی پر کوئی مصیبت آ جائے تو وہ تمام علاقے کی ۵۰ یا ۶۰ یا زائد عورتیں اکٹھی کرتا ہے یعنی جس پر کوئی مصیبت آتی ہے وہ گھر گھر جا کر کہتا ہے کہ آج آپ نے ہمارے گھر آنا ہے آیت کریمہ پڑھانا ہے ۔ پھر عورتیں اس گھر اکٹھی ہوتی ہیں اور ایک چادر یا بڑی سی دری بچھائی جاتی ہے دری کے درمیان میں ارنڈ کے بیج یاکوئی دانے وغیرہ رکھے جاتے ہیں شمار کرنے کے لیے عورتیں تقریباً دائرے کی شکل میں بیٹھ کر وہاں سے دانے اٹھا کر سوا لاکھ بار آیت﴿لاَ اِلٰہَ اِلاَّ اَنْتَ سُبْحٰنَکَ اِنِّیْ کُنْتُ مِّنَ الظّٰلِمِیْنَ﴾(۱) پڑھتی ہیں پھر اس کے لیے دعا کرتی ہیں کہ اس کی مصیبت دور ہو جائے۔ میرے سوالات اس کے بارے میں درج ذیل ہیں ۔ (۱)کیا آیت کریمہ صرف کسی مصیبت سے نجات کے لیے پڑھی جاتی ہے یا آدمی آیت کریمہ پڑھے کہ اللہ میرا فلاں کام کر دیں ؟ اس کے لیے بھی پڑھی جا سکتی ہے کہ نہیں ؟ (۲)کیا دوسروں سے آیت کریمہ کا پڑھانا درست ہے کہ نہیں ؟ (۳)کیا آیت کریمہ پڑھنے کا مذکورہ بالا مروجہ طریقہ درست ہے کہ نہیں ؟