کتاب: احکام و مسائل جلد اول - صفحہ 463
کتاب الطب والرقی…… تعویذ اور دم کے مسائل س: اسلام میں تعویذ کی شرعی حیثیت کیا ہے ؟ حدیث شریف میں تمیمہ لگانے کو شرک کہا گیا ہے اس تمیمہ سے کیا مراد ہے ؟ کیا تعویذ بدعت کے زمرے میں تو نہیں آتا ؟ ج: تعویذ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے ثابت نہیں ۔ رہا تمیمہ کا معنی تو اس سلسلہ میں صاحب قاموس لکھتے ہیں : ’’وَالتَّمِیْمُ التَّامُ الْخَلْقِ وَالشَّدِیْدُ وَجَمْعُ تَمِیْمَۃٍ کَالتَّمَائِمِ لِخَرَزَۃِ رَقْطَائٍ تُنْظَمُ فِی السَّیْرِ ثُمَّ یُعْقَدُ فِی الْعُنُقِ‘‘ [اورتمیم کا معنی ہے پورے قد وقامت والا اور مضبوط اور تمیمہ کی جمع ہے تمائم کی طرح اور تمیمہ اس دھاری دار منکے کو کہا جاتا ہے جس کو تسمہ میں پرویا جاتا ہے پھر گردن میں باندھا جاتا ہے] واللہ اعلم ۸/۲/۱۴۱۶ ھ س: کئی لوگ تعویذ دیتے ہیں ان کے پاس غیر محرم عورتوں کا ہجوم ہوتا ہے اور وہ امام مسجد بھی ہیں ان کی دلیل یہ ہے کہ قرآن شفا ہے جیسے ڈاکٹر مریضوں کو ادویات دیتا ہے وہ قرآن مجید کی آیات برائے علاج لکھ دیتے ہیں ۔ (۱) کیا تعویذ جائز ہے ؟ (۲) غیر محرم عورتوں کا ہجوم جائز ہے ؟ (۳) تعویذ دینے والا مستقل امام یا خطیب رکھ سکتے ہیں ؟ ڈاکٹر محمد حسین پرانی چیچہ وطنی13/6/98 ج: تعویذ میں خواہ قرآن وحدیث لکھے ہوں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے ثابت نہیں غیر محرم عورتوں کو دیکھنا ، ان کو چھونا اور ان پر ہاتھ پھیرنا تعویذ کے ساتھ ہو خواہ تعویذ کے بغیر ہو جائز نہیں اضطراری حالت اس سے مستثنیٰ ہے ۔ (۱) رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے ثابت نہیں ۔ (۲) غیر محرم عورتوں کو دیکھنا ، ان کو چھونا اور ان پر ہاتھ پھیرنا الخ ہجوم میں ہو خواہ بلا ہجوم جائز نہیں۔ (۳) تعویذ دینے والے کا عقیدہ کیسا ہے ؟ تعویذ کے متعلق اس کا نظریہ کیا ہے ؟ تعویذات شرکیہ اور غیر شرکیہ نیز کفریہ اور غیر کفریہ میں وہ امتیاز کرتا ہے یا نہیں ؟ یہ معلومات مہیا ہونے پر اس سوال کا جواب دیا جا سکتا ہے ۔ ۲۷/۳/۱۴۱۹ ھ س: تعویذ کے بارے میں قرآن وحدیث کیا کہتے ہیں کیا قرآنی تعویذ بھی غلط ہے ؟ محمد امجد آزاد کشمیر ج: تعویذ خواہ قرآن وحدیث کے کلمات کا ہی لکھا ہوا ہو رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے ثابت نہیں ۔ ۱۴/۱/۱۴۲۰ ھ س: کسی بزرگ عالم دین کے معمولات یعنی وظائف انسانی فوائد کے لیے انسان کر سکتا ہے اور قرآن کی آیت لکھ کر تعویذ بنا کر ڈالنا کیسا ہے ؟ اور اس سے کس حد تک فائدہ حاصل ہوتا ہے ؟ عتیق الرحمن ظفر وال