کتاب: احکام و مسائل جلد اول - صفحہ 457
امابعد ! گزارش ہے کہ روزنامہ جنگ مورخہ ۱۱ دسمبر ۱۹۸۸ء میں ایک خبر شائع ہوئی عبدالعزیز الدالی کے حوالے سے جس کا عنوان تھا ۔ اسلام میں خاتون کے سربراہ مملکت بننے پر کوئی پابندی نہیں ۔ جو کہ مندرجہ ذیل ہے :
اسلام میں خاتون کے سربراہ مملکت بننے پر کوئی پابندی نہیں ۔ عبدالعزیز الدالی
’’نئی دہلی (نمائندہ جنگ) کسی مسلمان ملک کی خاتون سربراہ بننے میں اسلام کوئی پابندی عائد نہیں کرتا ۔ یہ بات جنوبی یمن کے وزیر خارجہ عبدالعزیز الدالی نے کہی ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہمیں عوام کی رائے کا احترام کرنا چاہیے جنہوں نے بینظیر بھٹو کو وزیراعظم بنایا ہے انہوں نے مزید کہا ہے کہ وہ ملکہ سبا پر فخر کرتے ہیں جو اسلام کے دور میں یمن کی ملکہ تھیں اور آج بھی یمن میں انہیں قدر ومنزلت سے دیکھا جاتا ہے ۔ کیونکہ انہوں نے یمن کی ترقی کے لیے بہت کارنامے نمایاں سر انجام دئیے تھے ۔‘‘
مذکورہ عبارت پڑھ کر غور کیا ۔ انہوں نے کہا کہ کسی مسلمان ملک کی خاتون سربراہ بننے میں اسلام کوئی پابندی عائد نہیں کرتا ۔ اگر واقعی عبدالعزیز الدالی کے مطابق اسلام عورت کی حکمرانی پر پابندی عائد نہیں کرتا تو اللہ تعالیٰ کے فرمان کے مطابق﴿وَمَنْ اَظْلَمُ مِمَّنْ ذُکِّرَ بِاٰیٰتِ رَبِّہٖ ثُمَّ اَعْرَضَ عَنْہَا اِنَّا مِنَ الْمُجْرِمِیْنَ مُنْتَقِمُوْنَ﴾ 1 اور اس سے بڑھ کر کون ظالم ہو گا جس کو اس کے مالک کی آیتیں سنائی جائیں۔ پھر وہ ان پر خیال نہ کرے ۔ بے شک ہم گناہ گاروں سے بدلہ لیں گے ۔
اسلام اللہ تعالیٰ کو بھی پسند ہے اللہ تعالیٰ قرآن میں فرماتے ہیں :﴿اَلْیَوْمَ اَکْمَلْتُ لَکُمْ دِیْنَکُمْ وَاَتْمَمَتُ عَلَیْکُمْ نِعْمَتِیْ وَرَضِیْتُ لَکُمُ الْاِسْلاَمَ دِیْنًا﴾2 ترجمہ : آج کے دن میں نے مکمل کر دیا تمہارے لیے تمہارے دین کو اور مکمل کر دیا تم پر اپنی نعمت کو اور پسند کیا میں نے تمہارے لیے اسلام کو دین اسلام میں داخل ہونا اللہ تعالیٰ کو بہت ہی پسند ہے جیسا کہ ارشاد ہوتا ہے:﴿اِنَّ الدِّیْنَ عِنْدَ اللّٰهِ ِالْاِسْلاَمُ﴾3 جو دین خدا تعالیٰ کو پسند ہے وہ اسلام ہے ۔ قرآن مجید میں اللہ تعالیٰ فرماتے ہیں :﴿یٰٓأَیُّہَا الَّذِیْنَ اٰمَنُوا ادْخُلُوْا فِی السِّلْمِ کَآفَّۃً وَّلاَ تَتَّبِعُوْا خُطُوٰتِ الشَّیْطٰنِ اِنَّہٗ لَکُمْ عَدُوٌّ مُّبِیْنٌ﴾ 4 اے ایمان والو اسلام میں پورے پورے داخل ہو جاؤ اور شیطان کے قدموں کی تابعداری نہ کرو وہ تمہارا کھلا دشمن ہے ۔ اور اس کے بعد عبدالعزیز الدالی نے مزید یہ کہا کہ (ہمیں عوام کی رائے کا احترام کرنا چاہیے) اب دیکھنا یہ ہے کہ عوام کے بارے میں ارشاد ربانی کیا ہے ؟﴿وَمَا اَکْثَرُ النَّاسِ وَلَوْ حَرَصْتَ بِمُوْمِنِیْنَ﴾5 اگرچہ آپ حرص کریں ، اکثر لوگ مومن نہیں ہیں ۔ جیسا کہ اللہ تعالیٰ ارشاد فرماتے ہیں :