کتاب: احکام و مسائل جلد اول - صفحہ 42
عرضِ مرتب کتاب ’احکام ومسائل ‘مجموعہ ہے ان سوالات کے جوابات کا جو حافظ عبدالمنان صاحب نورپوری حفظہ اللہ سے کئے گئے ،کافی سالوں سے یہ سلسلہ جاری تھا کہ ملک اور بیرون ملک سے لوگ خطوط لکھتے مسائل پوچھتے اور استاد محترم قرآن وسنت کی روشنی میں لوگوں کے مسائل کے جواب لکھتے اور واپسی خط بھیج دیتے اور جواب کی ایک کاپی اپنے پاس محفوظ فرمالیتے اب جبکہ کافی خطوط جمع ہوچکے تو اس علمی ذخیرہ کو عوام الناس تک پہنچانے کی ذمہ داری المکتبۃ الکریمیہ نے اٹھائی اور ادارے کے ذمہ داران نے اس کام کو خوب محنت اور دل جمعی سے کیا اللہ تعالیٰ اس کاوش کو فلاح دارین کا سبب بنائے۔ جمع وترتیب کی خدمت میرے حصہ میں آئی یہ کام میرے لئے انتہائی مشکل تھا کیونکہ مجھے اپنی کمزوریوں کا خوب احساس ہے تاہم میں نے اس خدمت کو قبول کیا اور قدم قدم پر استاد صاحب سے رہنمائی لیتا رہا قرآنی آیات احادیث مبارکہ اور دوسری عربی عبارات پر اعراب لگایا اور بریکٹ [۔۔۔] کے اندر اردو ترجمہ کیا اور قارئین کی سہولت کے لئے حوالہ جات بھی بریکٹ [۔۔۔] کے اندر درج کئے اور جو حوالہ بریکٹ کے بغیر ہوگا وہ استاد محترم کا تحریر کردہ ہے بعض مقامات پر ترجمہ کی بجائے خلاصہ لکھ دیا ہے اور بعض خطوط کسی وجہ سے بغیر اعراب و ترجمہ کے ہیں جب کوئی سائل بار بار سوال کرتا تو حافظ صاحب ترتیب وار جواب دیتے یہاں تک کہ سائل خود ہی خط لکھنا چھوڑ دیتا اس طرح آخری تحریر استاد محترم کی ہوتی اور یہ دلیل ہے کہ سائل سے بات بن نہ سکی۔ اس کتاب میں اگر کوئی خوبی ہے تو یہ اللہ کا فضل ہے اور اگر ترجمہ اعراب یا حوالہ میں کوئی کمزوری رہ گئی ہے تو اس کی نسبت میری طرف کرنا ۔ نہ کہ استاد محترم کی طرف ۔ کتاب ’’احکام و مسائل ‘‘ کے ایڈیشن ھذا میں فضیلۃ الشیخ حافظ صلاح الدین یوسف حفظہ اللہ اور فضیلۃ الشیخ مبشر احمد ربانی حفظہ اللہ نے کافی راہنمائی فرمائی اور کئی مقامات پر اصلاح فرمائی۔ اللہ تعالیٰ اُن کو بہتر جزائے خیر دے۔آمین والسلام محمد مالک بھنڈر ۱۱شعبان ۱۴۲۲ھ