کتاب: احکام و مسائل جلد اول - صفحہ 318
س: اگر بیوہ عورت باپ کے ہوتے ہوئے بغیر اجازت کسی مرد سے نکاح کرے ۔ دین اسلام میں یہ جائز ہے یا کہ نہیں ؟
ظاہر عزیز جھبراں شیخوپورہ
ج: ولی کی اجازت ورضا کے بغیر عورت کا نکاح نہیں ہوتا خواہ بکر ہو یا ثیب ۔ ۱/۲/۱۴۱۷ ھ
س: جس بچی کا نکاح بچپن میں پڑھا جاتا ہے وہ صحیح یا نہیں کیا شرعی نکاح کے لیے بلوغت شرط ہے یا نہیں ؟ حافظ محمد عارف قریشی سرگودھا
ج: صحیح ہے بشرطیکہ بچپن کے علاوہ نکاح کے تمام ارکان وشرائط موجود ہوں ۔ ۸/۷/۱۴۱۶ ھ
س: اگر کوئی یہ کہے کہ مجھے اس لڑکی سے پیار ہے اور میں اس سے شادی کروں گا کیا یہ جائز ہے ؟
ج: خود یا اپنے باپ کے ذریعہ اس لڑکی کے ولی سے بات چیت کرے اگر لڑکی کا ولی راضی ہو جائے بشرطیکہ لڑکی بھی اس نکاح پر راضی ہو تو فبہا ورنہ اس لڑکی سے محبت لگانا اس کے ساتھ بات چیت کرنا ناجائز ہے ۔۱/۸/۱۴۱۷ ھ
س: بندہ مسئلہ خیار بلوغ میں پریشان ہے میری پریشانی کا حل یہ ہے حدیث نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے حضرت حمزہ کی صاحبزادی امامہ کا نکاح کمسنی میں عمر بن ابی سلمہ سے کر دیا اور حضور انور صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا کہ بالغ ہونے کے بعد آپ کو رد یا قبول کرنے کا اختیار ہے آپ مہربانی فرما کر یہ جس حدیث کی کتاب میں ہے اس کا نام جلد نمبر صفحہ نمبر اور ایسی اور کوئی بھی حدیث ہو تو وہ بھی اللہ تعالیٰ کے واسطے میرے حال پر رحم فرما کر ارسال فرمائیں ؟ دوست محمد لاہور13/5/92
ج: آپ کا درج کردہ واقعہ کافی تلاش کیا مگر تاہنوز مجھے نہیں ملا ویسے اس مسئلہ سے متعلقہ احادیث آپ مشکوۃ المصابیح باب الولی فی النکاح واستئذان المرأۃ میں دیکھ سکتے ہیں بالخصوص اس باب کی فصل ثالث کی پہلی حدیث﴿عَنِ ابْنِ عَبَّاسٍ قَالَ إِنَّ جَارِیَۃً بِکْرًا أَتَتْ رَسُوْلَ اللّٰهِ صلی للّٰهُ علیہ وسلم فَذَکَرَتْْ أَنَّ أَبَاہَا زَوَّجَہَا وَہِیَ کَارِہَۃٌ فَخَیَّرَہَا النَّبِیُّ صلی للّٰهُ علیہ وسلم رَوَاہُ اَبُوْدَاؤدُ﴾ [سیدنا عبداللہ بن عباس رضی اللہ عنہما سے روایت ہے کہ ایک کنواری لڑکی رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے پاس آئی اور بیان کیا کہ اس کے باپ نے اس کا نکاح کیا ہے اور وہ ناپسند کرتی ہے تو نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے اسے اختیار دے دیا] ۵/۱۲/۱۴۱۲ ھ
س: بیٹے کی عدم موجودگی میں نکاح کے وقت باپ بیٹے کا نائب بن کر ایجاب وقبول کر سکتا ہے جبکہ لڑکی اور اس کا باپ بھی اس بات پر رضامند ہوں ؟ عبداللہ سلیم میر پور خاص سندھ