کتاب: احکام و مسائل جلد اول - صفحہ 293
س: کیا ایک سفر میں دو یا زیادہ عمرے ہو سکتے ہیں اگر ہو سکتے ہیں تو رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے یا صحابہ میں سے کسی نے کیوں نہ کیا حالانکہ ان سے بڑھ کر کوئی عمل خیر کی طرف سبقت لے جانے والا نہیں۔
محمود الرحمان الزلفی الریاض المملکۃ العربیۃ السعودیۃ
ج: ایک سفر میں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے طوافوں سے زیادہ طواف کرنے کی جو دلیل ہے وہی ایک سفر میں زیادہ عمروں کی بھی دلیل ہے ۔ [ایک سفر میں ایک سے زیادہ عمروں کی دلیل کے لیے زاد المعاد الجزء الثانی ص ۹۲،۹۳،۹۴کا مطالعہ فرمائیں] صحابہ رضی اللہ عنہم میں سے کسی نے کیوں نہ کیا ؟ نہ کیا کی دلیل مل جائے تو کیوں والا سوال بعد کا ہے اس لیے صحابہ میں سے کسی نے نہ کیا کی دلیل درکار ہے ؟ ۹/۷/۱۴۱۸ ھ
س: کیا بار بار طواف کرنا مسنون ہے ؟ نذیر حماد معرفت محمد اکرم راحیل مکہ مکرمہ
ج: بار بار طواف کرنا کارثواب ہے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم لیالی منیٰ طواف کرتے رہے پھر طواف کی فضیلت میں وارد شدہ احادیث بھی اس پر دلالت کرتی ہیں اسی طرح عمرے بھی زیادہ کر سکتے ہیں ۔ ۱۱/۱۰/۱۴۱۲ ھ
س: کیا طواف کے ساتھ مقام ابراہیم پر دو رکعت نماز پڑھنی ضروری ہے ؟ نذیر حماد معرفت محمد اکرم راحیل مکہ مکرمہ
ج: مقام ابراہیم پر دو رکعت نماز پڑھنا ضروری ہے اللہ تعالیٰ نے فرمایا :﴿وَاتَّخِذُوْا مِنْ مَّقَامِ اِبْرَاہِیْمَ مُصَلًّی﴾[1] [اور پکڑو تم مقام ابراہیم کو جائے نماز] ۱۱/۱۰/۱۴۱۲ ھ
س: کیا طواف کے لیے وضوء شرط ہے ؟ نذیر حماد معرفت محمد اکرم راحیل مکہ مکرمہ
ج: طواف کے لیے وضوء ضروری ہے کیونکہ طواف کو حدیث میں نماز سے تعبیر کیا گیا ہے [اَلطَّوَافُ بِالْبَیْتِ صَلاَۃٌ اِلاَّ اَنَّ اللّٰهَ اَبَاحَ فِیْہِ الْکَلاَمَ[2]]ا ور نماز کے لیے وضوء ضروری ہے جنازہ میں وضوء ضروری ہونے کی یہی دلیل پیش کی جاتی ہے کہ جنازہ کو نماز قرار دیا گیا ہے اور نماز کے لیے وضوء ضروری ہے ۔ ۱۱/۱۰/۱۴۱۲ ھ
س: کیا جو شخص مکہ سے خارج سے آئے دوبارہ عمرہ کا پروگرام بن جائے تو کیا میقات سے احرام باندھے گا یا حرم سے یا حرم کے باہر سے اگر حرم سے باندھے گا تو عائشہ رضی اللہ عنہا کو تنعیم کیوں بھیجا تھا باہر سے آنے والے کی کیا شرط ہے حرم سے احرام باندھنے کی تین دن سے زیادہ رہنے سے کیا اہل مکہ میں سے ہو جاتا ہے ؟ محمود الرحمن الزلفی الریاض المملکۃ العربیۃ السعودیۃ
[1] [البقرۃ ۱۲۵ پ۱]
[2] [ارواء الغلیل ج۱ ص۱۵۴]