کتاب: احکام و مسائل جلد اول - صفحہ 288
تو میں اس کو دھو دیتی اور کنگھی کر دیتی [1]۔ اس سے ثابت ہوا غسل غیر واجب کے لیے معتکف مسجد سے نہ نکلے ۔
(۳) اعتکاف کی غرض وغایت کو ملحوظ رکھتے ہوئے کوئی بات ، کوئی کام ، یا کوئی مشورہ معتکف سے سرزد ہو جائے تو شرعاً اس میں کوئی مضائقہ نہیں البتہ اسے غرض اعتکاف کے منافی باتوں ، کاموں اور مشوروں سے پرہیز کرنا ضروری ہے ۔
(۴) اعتکاف شروع کرنے سے قبل حجامت بنوا لے تو دوران اعتکاف حجامت کی ضرورت ہی پیش نہیں آتی اگر کسی وجہ سے دوران اعتکاف حجامت بنانا ناگزیر ہو گیا ہے تو بنوا سکتا ہے بشرطیکہ مسجد میں گندگی نہ پھیلائے البتہ حلق عانہ کی خاطر بہرحال مسجد سے باہر نکلنا ہو گا ۔ واللہ اعلم ۱۱/۱۰/۱۴۱۶ ھ
س: کیا ڈاڑھی مونڈوانے والا یا کتروانے والا اعتکاف بیٹھ سکتا ہے ؟ عبدالعزیز اعوان نگری بالا ہزارہ
ج: اعتکاف بیٹھ سکتا ہے البتہ داڑھی کو مونڈنا منڈانا یا کترنا کتروانا ترک کر دے کیونکہ یہ گناہ ہے اور اعتکاف اسی لیے کر رہا ہے کہ وہ گناہوں کو ترک کر دے ۔ ۱۹/۴/۱۴۱۶ ھ
س: اپنے گھر میں عورت اعتکاف بیٹھ سکتی ہے ؟ محمد نواز شاہد لدہیوالہ چیمہ گوجرانوالہ
ج: رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے عہد مبارک میں عورتیں بھی مسجد ہی میں اعتکاف بیٹھا کرتی تھیں ۔[2]
۲۳ رمضان المبارک ۱۴۰۸ ھ
س: کیا عورت گھر میں اعتکاف کر سکتی ہے ؟ محمد امجد آزاد کشمیر
ج: عورت گھر میں عبادت کر سکتی ہے اعتکاف نہیں کر سکتی کیونکہ عورت کا گھر میں اعتکاف کرنا نہ قرآن مجید سے ثابت ہے نہ ہی نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی سنت وحدیث سے ۔
س: کیا فرماتے ہیں علماء دین اس مسئلہ میں کہ ایک عورت وضع حمل کی وجہ سے ماہ رمضان کے روزے نہ رکھ سکی ، مرضعہ ہونے کی وجہ سے وہ آئندہ رمضان تک روزے نہ رکھ سکی اب آئندہ رمضان آنے والا ہے اور وہ دوبارہ حاملہ ہے وہ پچھلے رمضان کے روزے رکھ رہی ہے لیکن کیا وہ آنے والے رمضان کے روزوں کا فدیہ دے سکتی ہے کیا ایسی صورت میں اس پر قضاء ضروری ہے کہ نہیں قرآن مجید کی آیت﴿وَعَلَی الَّذِیْنَ یُطِیْقُوْنَہُ فِدْیَۃٌ طَعَامُ مِسْکِیْنٍ﴾ کی روشنی میں جواب تحریر فرمائیں ؟
اعجاز احمد ظفروال
ج: پچھلے رمضان کے روزے رکھتی جائے جب اس سال کا رمضان شروع ہو جائے تو پھر وہ اس رمضان کے روزے رکھنے شروع کر دے پچھلے رمضان کی قضاء کے روزے چھوڑ دے اور اس سال کی عید الفطر کے بعد پچھلے
[1] [بخاری ۔ کتاب الاعتکاف ۔ باب الحائض ترجل رأس المعتکف]
[2] [صحیح بخاری۔کتاب الاعتکاف۔ باب اعتکاف النساء و باب الاعتکاف فی العشر الاواخر]