کتاب: احکام و مسائل جلد اول - صفحہ 246
س: مجھے دعوۃ والارشاد کے کارکنوں کے ساتھ ایک دو دفعہ جمعہ پڑھنے کا اتفاق ہوا تو وہ ایسا کرتے ہیں جب حنفیوں وغیرہ کی مساجد میں چندے یا فنڈ کے سلسلے میں جمعہ پڑھانے کے لیے جاتے ہیں تو کیونکہ ان کے ساتھ پڑھی ہوئی نماز نہیں ہوتی اس لیے جمعہ کی جگہ ظہر کی نماز پڑھ لیتے ہیں اور پھر پڑھتے بھی اکیلے اکیلے ہیں کیونکہ وہاں جماعت تو نہیں کروا سکتے تو اس کے بارے میں کیا حکم ہے کیا ان کی ظہر کی نماز ہو جاتی ہے یا کہ نہیں قرآن وحدیث کی روشنی میں اس کی وضاحت کریں ؟ محمد رمضان بہاولنگر ج: ان کا یہ طریقہ درست نہیں جمعہ ان کے ساتھ پڑھیں اور اگر کسی وجہ سے جمعہ ان کے ساتھ نہیں پڑھتے تو اپنا جمعہ الگ پڑھیں اور اگر سفر کی وجہ سے جمعہ فرض نہیں سمجھتے تو نماز ظہر باجماعت ادا کریں اللہ تعالیٰ کا حکم ہے﴿وارکعوا مع الراکعین ۲۵/۳/۱۴۱۹ ھ س: حدیث شریف ہے کہ نماز جمعہ میں امام خطبہ دے رہا ہو تو بیٹھنے سے قبل ہلکی دو رکعت پڑھ لو کیا یہ تحیۃ المسجد ہیں؟ اور کیا اس وقت ۴ رکعت سنت مؤکدہ پڑھی جا سکتی ہیں ؟ جمیل احمد اعوان احمدنگری1/3/96 ج: یہ دو رکعتیں تحیۃ المسجد بھی ہیں اور مَا مِنْ صَلاَۃٍ مَّفْرُوْضَۃٍ اِلاَّ وَبَیْنَ یَدَیْہَا رَکْعَتَانِ[1] بھی دوران خطبہ جمعہ چار رکعات نہیں پڑھ سکتا چار رکعت سنت مؤکدہ والا مسئلہ ظہر سے پہلے ہے جمعہ سے پہلے نہیں خطبہ جمعہ شروع ہونے سے پہلے پہنچے تو خطبہ شروع ہونے تک دو ، چار ، چھ ، آٹھ اور دس جتنی نماز اس کے مقدر میں ہو پڑھ سکتا ہے ۔ ۱۹/۱۱/۱۴۱۶ ھ س: جمعہ کا خطبہ چھوٹا ہونا اورنماز لمبی ہونا اس کا مطلب کیا ہے کیا یہ طول وقصر مطلق ہے یا نسبی اگر نسبی ہے تو کس نماز کی بنسبت ؟ عبدالرحمن ضیاء ج: نسبی طول وقصر مراد ہے مگر نماز کا طول خطبہ کی بنسبت نہیں نہ ہی قصر خطبہ نماز کی بنسبت ہے بلکہ طول نماز بنسبت دوسری نمازوں کے اور قصر خطبہ بنسبت دیگر خطبوں کے مراد ہے ۔ اور اس طول نماز اور قصر خطبہ میں معیار رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی نماز اور آپ کا خطبہ ہے جس کی نماز وخطبہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی نماز وخطبہ کے ساتھ طول وقصر میں ملتے ہیں وہ﴿إِنَّ طُوْلَ صَلاَۃِ الرَّجُلِ وَقِصَرَ خُطْبَتِہِ مَئِنَّۃٌ مِنْ فِقْہِہِ﴾کا مصداق ہے [آدمی کی لمبی نماز اور مختصر خطبہ دانائی کی علامت ہے] [2] ۲۴/۳/۱۴۱۹ ھ
[1] [سلسلۃ الاحادیث الصحیحۃ ج۱ حدیث ۲۳۲ ص ۴۱۱ باب الجمعۃ] [2] مسلم ۔ الجمعۃ ۔ باب تخفیف الصلاۃ والخطبۃ