کتاب: احکام و مسائل جلد اول - صفحہ 245
والی بھی اب کل رکعتوں کو آپ خود گن لیں ۔
(۲) وقت نصف النہار قبل از زوال ہر روز ہوتا ہے ۔ البتہ جمعہ پڑھنے والوں کے لیے خطبہ شروع ہونے سے پہلے جتنی ان کے مقدر میں ہو ۔ اور خطبہ شروع ہونے کے بعد دو رکعت نماز پڑھنے کی اجازت ہے ۔ بدلیل حدیث﴿ فَصَلّٰی مَا قُدِّرَ لَہُ﴾[1] [پھر اپنے مقدر کی نماز پڑھے]﴿فَصَلّٰی مَا کُتِبَ لَہُ﴾ [2] [جس قدر ہو سکے نوافل ادا کرتا ہے] ۲/۷/۱۴۲۰ ھ
س: جمعہ کے دو فرضوں کے بعد چار رکعت ہیں یا دو رکعت سنت ؟ ملک محمد یعقوب ہری پور 27/7/89
ج: جمعہ کے بعد دو رکعت پڑھنے کی حدیث صحیح ہے اور چار رکعت پڑھنے کی حدیث صحیح مسلم میں موجود ہے ۔ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا :﴿مَنْ کَانَ مِنْکُمْ مُصَلِّیًا بَعْدَ الْجُمُعَۃِ فَلْیُصَلِّ أَرْبَعًا﴾ [جو کوئی تم میں جمعہ کے بعد نماز پڑھے وہ چار رکعت پڑھے] [3] شرح معانی الاثار میں چھ رکعت والی حدیث بھی موجود ہے اس لیے جمعہ کے بعد دو رکعت ، چار رکعت اور چھ رکعت پڑھنی تینوں صورتیں درست ہیں ۔ ۶/۱/۱۴۱۰ ھ
س: جمعہ کے دونوں خطبات کے دوران مسجد کے تعاون کے سلسلے میں جھولی پھیرنا ۔ یعنی خطیب جب پہلے خطبہ سے فارغ ہو کر بیٹھتا ہے اور خاموشی اختیار کرتا ہے ان لمحات میں مسجد کے لیے جھولی پھیرنا کیسا ہے ؟
محمد ایوب خالد جھبراں شیخوپورہ
ج: نماز جمعہ سے سلام پھیرنے کے بعد جھولی بنا کر دو معزز آدمی مسجد کے دروازے پر کھڑے ہو جائیں چندہ زیادہ ہو گا ان شاء اللہ تبارک وتعالیٰ ۔ ۲۳/۵/۱۴۱۷ ھ
س: جس مسجد میں جمعہ پڑھانے کا طریقہ یہ ہو کہ مولوی صاحب پہلے تقریر کرتے ہیں ۔ پھر سنتیں ادا کی جاتی ہیں پھر اذان ہوتی ہے پھر پہلا خطبہ اور بعد میں دوسرا خطبہ صرف عربی میں ہوتا ہے اور بعد میں جماعت کیا ایسی مسجد میں جمعہ پڑھنا جائز ہے ؟ کیا جمعہ ہو جاتا ہے ؟ کیا یہ طریقہ درست ہے ؟ محمد عثمان غنی لاہور22اپریل 1996
ج: یہ طریقہ درست نہیں کیونکہ یہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کا طریقہ نہیں ہاں ایسے لوگ اگر کافر یا مشرک نہیں تو جمعہ اور نماز ہو جاتی ہے ۔ واللہ اعلم ۴/۱/۱۴۱۷ ھ
[1] مسلم ۔ الجمعۃ
[2] بخاری ۔ الجمعۃ
[3] [اس حدیث سے معلوم ہوا کہ امتی جمعہ کے فرضوں کے بعد کم از کم چار رکعات پڑھے گا]