کتاب: اگر تم مومن ہو - صفحہ 8
کتاب کے اوّلین مخاطب اہل اُردو ہونے کی بناء پر آیات و احادیث کا اُردو ترجمہ بھی دیا گیا ہے جس کیلئے سنت نبی صلی اﷲعلیہ وسلم سے اذن ملتا ہے جیسا کہ زید بن ثابت رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ:۔
[اِنَّ النَّبِیَّ صلی اللّٰه علیہ وسلم اَمَرَہُ اَنْ یَتَعَلَّمَ کِتَابَ الْیَھُوْدِ حَتَّی کَتَبْتُ لِلنَّبِیِّ صلی اللّٰه علیہ وسلم کُتُبَہُ وَاَقْرَاْتُہُ کُتُبَھُمْ اِذَا کَتَبُوْا اِلَیْہِ]
’’ نبی صلی اللہ علیہ وسلم نے انہیں (زید بن ثابت کو) حکم دیا کہ وہ یہودیوں کی تحریر سیکھیں،یہاں تک کہ میں یہودیوں کے نام نبی صلی اللہ علیہ وسلم کے خطوط لکھتا اور جب یہودی آپ کو لکھتے تو ان کے خطوط آپ کو پڑھ کے سناتا۔ (بخاری ، باب الاحکام ، زید بن ثابت رضی اللہ عنہ )
زیر نظر کتاب میں اگرچہ مذکورہ بالا پابندیوں کے اندر رہنے کی کوشش کی گئی ہے لیکن آیات و احادیث کا ترجمہ، کتاب و سنت سے ان کا اخذِ فہم ، حالات و واقعات پہ ان کا انطباق اور ان کی بنا پر فیصلے چونکہ انسانی کوشش ہے، اس بنا پر اس میں خطا کا امکان موجود ہے۔ قارئین سے گزارش ہے کہ جہاں کہیں خطا پائیں کتاب و سنت کی دلیل کے ساتھ اس کی نشاندہی فرمائیں تا کہ آئندہ ایڈیشن میں اسے درست کیا جا سکے۔
وما توفیقی الا باللّٰه علیہ توکلت والیہ انیب