کتاب: اگر تم مومن ہو - صفحہ 191
علامت یہ ہے کہ اس کے عہد میں وہ صندوق تمہیں واپس مل جائے گا جس میں تمہارے رب کی طرف سے تمہارے لئے سکون قلب کا سامان ہے جس میں آلِ موسیٰ علیہ السلام اور آلِ ہارون علیہ السلام کے چھوڑے ہوئے تبرکات ہیں اور جس کو اس وقت فرشتے سنبھالے ہوئے ہیں، اگر تم مومن ہو تو یہ تمہارے لئے بہت بڑی نشانی ہے۔ پھر جب طالوت لشکر لے کر چلا تو اس نے کہا: ایک دریا پر اﷲکی طرف سے تمہاری آزمائش ہونے والی ہے جو اس کا پانی پئے گا وہ میرا ساتھی نہیں، میرا ساتھی صرف وہ ہے جو اس سے پیاس نہ بجھائے، ہاں ایک آدھ چلو کوئی پی لے تو پی لے۔ مگر ایک گروہ قلیل کے سوا وہ سب اس دریا سے سیراب ہوئے۔ پھر جب طالوت سے کہہ دیا کہ آج ہم میں جالوت اور اس کے لشکروں کا مقابلہ کرنے کی طاقت نہیں ہے۔ لیکن جو لوگ یہ سمجھتے تھے کہ انہیں ایک دن اﷲسے ملنا ہے انہوں نے کہا: بارہا ایسا ہوا ہے کہ ایک قلیل گروہ اﷲکے اذن سے ایک بڑے گروہ پر غالب آ گیا ہے۔ اﷲصبر کرنے والوں کا ساتھی ہے اور جب وہ جالوت اور اس کے لشکروں کے مقابلہ پر نکلے تو انہوں نے دعا کی: اے ہمارے رب ہم پر صبر کا فیضان کر، ہمارے قدم جماد ے اور اس کافر گروہ پر ہمیں فتح نصیب کر۔ آخر کار اﷲکے اذن سے انہوں نے کافروں کو مار بھگایا اور داؤد نے جالوت کو قتل کر دیا اور اﷲنے اسے سلطنت اور حکمت سے نوازا اور جن جن چیزوں کا چاہا اس کو علم دیا۔ اگر اس طرح اﷲانسانوں کے ایک گروہ کو دوسرے گروہ کے ذریعے سے ہٹاتا نہ رہتا تو زمین کا نظام بگڑ جاتا لیکن دنیا کے لوگوں پر اﷲکابڑا فضل ہے۔‘‘ (البقرۃ۲۴۶۔۲۵۱)