کتاب: افواہوں کی شرعی حیثیت وجوہات، اقسام، اثرات - صفحہ 147
صحت خبر کی اہمیت اب تک کی گفتگو سے یہ بات واضح ہو جاتی ہے کہ صحافت ایک نہایت اہم، مفید اور مقدس فن ہے۔ صحافی کئی جہتوں اور پہلوؤں سے معاشرے کی خدمت کرتا ہے، وہ تازہ ترین اطلاعات اور معلومات مہیا کر کے لوگوں کو اندھیرے سے اُجالے میں لاتا ہے۔ جو وہ نہیں جانتے انہیں اس سے آگاہ کر کے ان کی تعلیم کرتا ہے۔ حالات وواقعات کے اہم پہلوؤں کو واضح کر کے ان کی راہنمائی کرتا ہے۔ انہیں اندرونی اور بیرونی خطرات سے ہوشیار اور خبردار کرتا ہے۔ رائے عامہ ہموار کر کے حکومت کو عام آدمی کے مسائل حل کر نے پر مجبور کرتا ہے۔ جابر حکمرانوں کو ان کے غلط اقدامات پر ٹوکتا ہے اور کمزوروں کے ساتھ ہونے والے ظلم وستم کے خلاف آواز اٹھاتا ہے۔ ایک صحافی کے یہ تمام فرائض ایسے ہیں جو اس سے انتہائی ذمہ دارانہ طرزِ عمل کا تقاضا کرتے ہیں تاکہ جو کچھ لکھے اور اخبار میں چھپے اس پر یقین واعتماد کیا جائے، کسی کے لیے اس کو جھٹلانا ممکن نہ ہو۔ بالخصوص اہم واقعات اور دور رس اثرات کی حامل باتوں کے بارے میں بہت ہی زیادہ احتیاط کی ضرورت ہوتی ہے۔ اطلاعات کی فراہمی اور خبروں کی اشاعت میں بعض اوقات معمولی سی غفلت اور بے احتیاطی سے بھی نہایت پریشان کن صورتِ حال پیدا ہو سکتی ہے۔ کسی شخص یا گروہ کے بارے میں غلط خبر چھپ جانے سے اسے نقصان بھی پہنچ سکتا ہے اور بدنامی اور بے عزتی بھی ہو سکتی ہے۔ اس طرح یہ حقوق العباد کا معاملہ بھی ہے جس کو دین واخلاق میں بہت اہمیت حاصل ہے۔ یہی وجہ ہے کہ اسلام میں صحت خبر پر بہت زور دیا گیا ہے: ﴿ يَا أَيُّهَا الَّذِينَ آمَنُوا إِن جَاءَكُمْ فَاسِقٌ بِنَبَإٍ فَتَبَيَّنُوا أَن تُصِيبُوا قَوْمًا