کتاب: افواہوں کی شرعی حیثیت وجوہات، اقسام، اثرات - صفحہ 144
3: توبہ کی فضیلت: نبی صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا: جب ایک نوجوان توبہ کرتا ہے تو مشرق سے مغرب تک کے قبروں سے چالیس دن تک عذاب ہٹا لیا جاتا ہے۔ قارئین کرام! یہ جھوٹی افواہ خود قرآن کریم کی تعلیمات کے بھی خلاف ہے، اللہ تبارک و تعالیٰ کا فرمان ہے۔ ﴿ وَأَن لَّيْسَ لِلْإِنسَانِ إِلَّا مَا سَعَىٰ﴾ (النجم: 39) اور نہیں ہے کسی انسان کے لیے مگر وہی جو اس نے کوشش کی۔‘‘ یہ کیسے ہو سکتا ہے کہ ایک شخص کی توبہ کی وجہ سے مشرق ومغرب کے قبروں سے عذاب ہٹا لیا جائے؟ ایسے تو اللہ تعالیٰ کی کسی نیک بندے کی توبہ کی قبولیت سے کسی بھی مجرم کو عذاب نہیں ہوگا۔ کیونکہ دنیا میں توبہ کرنے والے نیکوکار ہر عہد میں موجود ہیں ۔ یاد رہے کہ یہ بھی موبائلی وضع کا شاہکار ہے۔ نہ کہ نبی صلی اللہ علیہ وسلم کا فرمان۔ 4: پانی سے گزرنا: نبی صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا: جب تم پانی کے اوپر سے گزرو تو کثرت سے سورئہ کوثر کا ورد کیا کرو تمہاری نظر جتنے پانی پر پڑے گی اس پانی کا قطرہ قطرہ تمہارے لیے دعائے خیر کرے گا۔ قارئین کرام! یہ ہیں وہ جھوٹی باتیں اور افواہیں جو حدیث رسول کے نام سے موبائل ایس ایم ایس کے ذریعے پھیلائی جا رہی ہیں ۔ 5: محبت اور رنجش کا طریقہ: نبی صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا: اگر کسی کو چاہو تو دل سے چاہو زبان سے نہیں ، اگر کسی پر غصہ کرو تو زبان سے کرو دل سے نہیں ۔