کتاب: آیت الکرسی کی فضیلت اور تفسیر - صفحہ 70
ناقابلِ تسخیر عظیم ترین ہتھیار ہے۔ (ii)ڈاکٹر غوستاف لوبون کا بیان: فرانسیسی مفکر ڈاکٹر غوستاف لوبون نے لکھا ہے: اسلام کی عظیم آسانی خالص توحید سے پھوٹتی ہے۔ اسی آسانی میں اسلام کی قوت کا راز ہے۔ دیگر ادیان میں موجود اُن باہمی متعارض اور پیچیدہ باتوں سے ، جن کا ذوقِ سلیم انکار کرتا ہے، اسلام خالی ہے۔ اسلام کا سمجھنا سہل ہے۔ اسلام کے اُصولوں سے زیادہ واضح اور بکھیڑوں سے دُور کوئی بات نہیں، (جو کہ یہ ہیں)، کہ معبود [اِلٰہ] ایک ہے، اللہ تعالیٰ کے ہاں تمام لوگ برابر ہیں اور چند ایک فرائض، جن کے بجالانے سے بندہ جنت میں داخل ہو جائے اور ان سے اعراض کرنے والا(دوزخ کی) آگ میں داخل ہو گا۔ آپ کسی بھی طبقہ کے کسی بھی مسلمان سے ملاقات کر لیجیے، آپ دیکھیں گے ، کہ وہ اپنے ذمہ واجب اعتقادات سے آگاہ ہو گا او ر وہ آپ کے لیے اسلام کے اُصولوں کو بسہولت چند کلمات میں بیان کر دے گا۔ اس کی کیفیت (عام) عیسائی شخص سے مختلف ہوتی ہے، جو کہ تثلیث وغیرہ کے پیچیدہ مسائل کے متعلق بات (بھی) نہیں کر سکتا۔ اس بارے میں (صرف) عیسائی علماء ہی گفتگو کر سکتے ہیں، جو کہ بحث و جدل کی باریکیوں سے آگاہ ہوتے ہیں۔[1] ربِ کریم اُمت کو توفیق دیں، کہ وہ اس عقیدے کو کما حقہ سمجھ اور تسلیم کر کے اپنے اسلاف کی طرح سیادت و قیادت سے بہرہ ور ہو جائے۔ اے ربِّ حي و قیوم! اُمت کو یہ نعمت جلد از جلد نصیب فرما دیجئے ، کہ آنکھیں اس کے مشاہدے کے لیے تڑپ رہی ہیں اور دل بے حد بے قرار ہیں۔ إِنَّکَ جوّاد کَرِیْمٌ۔
[1] ملاحظہ ہو: حضارۃ العرب، ص ۱۵۸۔۱۵۹۔