کتاب: آیت الکرسی کی فضیلت اور تفسیر - صفحہ 45
-۴- بعد از نماز پڑھنے سے آئندہ نماز تک حفاظتِ الٰہی آیت الکرسی کے فضائل میں سے ایک یہ ہے، کہ فرض نماز کے بعد اسے پڑھنے والا، آئندہ نماز تک ،اللہ تعالیٰ کی سپرداری میں آجاتا ہے۔ دلیل: امام طبرانی نے حضرت حسن بن علی رضی اللہ عنہما سے روایت کی ہے، کہ انہوں نے بیان کیا، کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ’’مَنْ قَرَأَ آیَۃَ الْکُرْسِيِّ فِيْ دُبُرِ الصَّلَاۃِ الْمَکْتُوْبَۃِ، کَانَ فِيْ ذِمَّۃِ اللّٰہِ إِلَی الصَّلَاۃِ الْأُخْرٰی۔‘‘[1] ’’جس شخص نے فرض نماز کے بعد آیت الکرسی پڑھی، وہ دوسری نماز تک اللہ تعالیٰ کی ذمہ داری میں ہوتا ہے۔‘‘ یہ ذمہ داری کس قدر قوی، مضبوط، پختہ اور قابلِ اعتماد ہے! اس کے ضامن ساری کائنات کے تنہا خالق، بلا شرکت غیرے مالک اور نظام چلانے والے قادر و مقتدر ربِّ قدوس ہیں۔
[1] منقول از: الترغیب والترہیب، کتاب الذکر والدعاء، الترغیب في آیات وأذکار بعد الصلوات المکتوبات، رقم الحدیث ۷، ۲/۴۵۳۔ حافظ منذری اور حافظ ہیثمی، دونوں نے ،اس کے متعلق تحریر کیا ہے، کہ اسے امام طبرانی نے [سندِ حسن] کے ساتھ روایت کیا ہے۔ (ملاحظہ ہو: المرجع السابق ۲/۴۵۳؛ ومجمع الزوائد ۱۰/ ۱۰۲)۔