کتاب: آیت الکرسی کی فضیلت اور تفسیر - صفحہ 44
[آیت الکرسی پڑھنے سے شیطانوں –– ہم ان سے اللہ تعالیٰ کی پناہ مانگتے ہیں–– سے بچنے کا بیان] تینوں احادیث سے معلوم ہونے والی تین باتیں: ۱: بستر پر لیٹتے وقت آیت الکرسی پڑھنے والے کے ساتھ اللہ تعالیٰ کی طرف سے ایک محافظ مقرر کیا جاتا ہے، اور صبح ہونے تک شیطان اس کے قریب نہیں پھٹکتا۔ یہ بات پہلی حدیث سے معلوم ہوتی ہے۔ ۲: جس گھر میں آیت الکرسی پڑھی جائے، وہاں سے شیطان اور ہر نقصان پہنچانے والی چیز دور ہوجاتی ہے۔ یہ بات دوسری حدیث سے معلوم ہوتی ہے۔ ۳: صبح کے وقت آیت الکرسی پڑھنے والا شام تک، اور شام کے وقت اسے پڑھنے والا صبح تک شیطان کے شرور و فتن سے محفوظ کیا جاتا ہے۔ یہ بات تیسری حدیث سے معلوم ہوتی ہے۔ خلاصۂ گفتگو یہ ہے، کہ جو شخص یہ پسند کرے، کہ اللہ تعالیٰ کی طرف سے ایک نگہبان اس کی حفاظت کے لیے متعین کیا جائے، شیطان اور دیگر ضرر رساں چیزیں اس کے گھر سے دور ہوجائیں، اور وہ شیطانوں کے شرور و فتن سے پناہِ الٰہی میں آجائے، تو وہ بستر پر لیٹتے وقت اور صبح و شام آیت الکرسی اہتمام اور پابندی سے پڑھے۔ اللہ تعالیٰ ہمیں اور ہمارے اہل و عیال کو ایسا کرنے کی توفیق عطا فرمائیں۔ آمین یَا حَيُّ یَا قَیُّوْمُ ۔