کتاب: آیت الکرسی کی فضیلت اور تفسیر - صفحہ 24
شکر و دعا: اللہ حي و قیوم کا دل کی اتھاہ گہرائیوں سے شکر گزار ہوں، کہ انہوں نے اپنی کتاب کریم کی عظیم ترین آیت شریفہ کے متعلق یہ اوراق مرتب کرنے کی توفیق دی۔ اس حقیر کوشش میں، جو بھی درست بات ہے، وہ محض ان کے فضل و کرم سے ہے اور جو کجی، خلل اور کوتاہی ہے، وہ مجھ ناکارے اور شیطان کی جانب سے ہے۔ اللہ تعالیٰ اور ان کے رسول صلی اللہ علیہ وسلم اس سے بلند و بالا ہیں۔ مولائے کریم میرے قابلِ صد احترام والدین کو جزائے خیر دیں، کہ انہوں نے اپنی اولاد کے سینوں میں قرآن کریم کی محبت ڈالنے، اسے سیکھنے سکھانے اور اس پر عمل کروانے کی راہ پر لگانے کی خاطر، بھرپور جدوجہد کی۔ (رَبِّ ارْحَمْہُمَا کَمَا رَبَّیَانِیْ صَغِیْرًا کتاب کی تیاری میں مفید مشوروں کے لیے اپنے بھائی اور دوست پروفیسر ڈاکٹر سیّد محمد ساداتی شنقیطی اور پروفیسر ڈاکٹر محمد عبد العلیم عدوی کا شکر گزار ہوں۔ کتبِ تفسیر سے استفادے اور کتاب کے عربی نسخے کی مراجعت میں تعاون پر اپنے عزیز بیٹوں حافظ حماد الٰہی و حافظ سجاد الٰہی اور پیاری بیٹی کے لیے شکر گزار اور دعاگو ہوں۔ محبت و اخلاص اور نہایت باریک بینی سے کتاب کے اُردو نسخے کی مراجعت کے لیے محترم بھائی اور دوست میاں محمد شفیع ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج(ر) اور عزیز القدر عمر فاروق قدوسی کے لیے شکر گزار اور دُعا گو ہوں۔ اپنی اہلیہ محترمہ، اولاد اور بہوؤں کے لیے شکر گزار اور دعا گو ہوں، کہ وہ میری خوب خدمت کرتے ہیں۔ اللہ تعالیٰ ان سب کو اس کتاب کے ثواب میں شریک فرمائیں اور دنیا و آخرت میں بہترین جزا عطا فرمائیں۔ إِنَّہٗ قَرِیْبٌ مُجِیْبٌ۔ فضل الٰہی ۱۵۔۱۰ بجے صبح بروز اتوار ۲۵ جمادی الاولیٰ ۱۴۳۴ھ بمطابق ۷ اپریل ۲۰۱۳ء