کتاب: آسان توحید - صفحہ 99
دَم[جھاڑپھونک]
دم کا معنی:
لغت میں:…دم کرنا، کچھ پڑھ کرپھونکنے کو کہتے ہیں۔
شرع میں:… بیمار انسان پر آیات و اذکار اور دعائیں پڑھ کر پھونکنادم کہلاتاہے۔
دم کی اقسام:
جھاڑ پھونک کی دو اقسام ہیں:
۱۔ مشروع جھاڑ پھونک ۲۔ ممنوع جھاڑ پھونک
مشروع جھاڑ پھونک:
مشروع جھاڑ پھونک وہ ہے جس میں باتفاق علماء تین شرائط پائی جائیں:
۱۔ واضح عربی زبان میں ہو، اور اس کا معنی سمجھا جاسکتا ہو۔
۲۔ اللہ تعالیٰ کا کلام ہو، یا اس کے اسماء و صفات پر مشتمل اذکار و دعائیں ہوں۔
۳۔ یہ کہ اس جھاڑ پھونک پر کلی اعتماد نہ کیا جائے، بلکہ یہ اعتقاد رکھا جائے کہ یہ جھاڑ پھونک بذات خود مؤثر نہیں، بلکہ اس کی تاثیر اللہ تعالیٰ کی طرف سے پیدا کردہ ہوتی ہے۔
ممنوع جھاڑ پھونک:
ایسی جھاڑ پھونک جس میں مشروع جھاڑ پھونک کی کوئی ایک شرط یا ایک سے زیادہ شرائط چھوٹ جائیں۔
رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کا فرمان گرامی ہے:
’’بے شک جھاڑ پھونک کرنا، تعویذ باندھنا اور گنڈھے وغیرہ کرنا سب شرک کے کام ہیں۔‘‘[رواہ أحمد و أبو داؤد]