کتاب: آسان توحید - صفحہ 89
محبت کی اقسام محبت کی چار اقسام ہیں: ا۔ وہ محبت جو کہ عبادت ہے: ۱۔ یعنی اللہ تعالیٰ کی محبت ۲۔ اور اس چیز کی محبت جس سے اللہ تعالیٰ محبت کرتے ہوں۔ اس کی دلیل اللہ تعالیٰ کا یہ فرمان ہے: ﴿وَالَّذِیْنَ آمَنُوْا أَشَدُّ حُبًّا لِّلّٰہِ﴾[البقرۃ:۶۵] ’’ لیکن اہل ایمان تو اللہ تعالیٰ سے سب سے زیادہ محبت کرتے ہیں۔‘‘ ب: وہ محبت جوشرک ہے: یعنی تعظیم اور تذلل کے ساتھ غیر اللہ سے ایسی محبت کرنا جس طرح کی محبت کرنا صرف اللہ تعالیٰ کے لیے ہی رواہے۔ اس کی دلیل اللہ تعالیٰ کا یہ فرمان ہے: ﴿وَمِنَ النَّاسِ مَنْ یَّتَّخِذُ مِنْ دُوْنِ اللّٰہِ أَنْدَاداً یُحِبُّوْنَہُمْ کَحُبِّ اللّٰہِ﴾ [البقرۃ:۱۶۵] ’’ اور بعض لوگ ایسے ہیں جو غیر اللہ کو(اللہ کا)شریک بناتے ہیں اور ان سے اللہ کی سی محبت کرتے ہیں۔‘‘ ج: وہ محبت جو گناہ کاکام ہے: جیسا کہ گناہ، بدعات اور حرام چیزوں کی محبت۔ اس کی دلیل یہ فرمان الٰہی ہے: ﴿اِنَّ الَّذِیْنَ یُحِبُّوْنَ اَنْ تَشِیْعَ الْفَاحِشَۃُ فِی الَّذِیْنَ اٰمَنُوْا لَہُمْ عَذَابٌ اَلِیْمٌ فِی الدُّنْیَا وَالْآخِرَۃِ وَاللّٰہُ یَعْلَمُ وَاَنْتُمْ لَا تَعْلَمُوْنَ﴾[النور:۱۹]