کتاب: آسان توحید - صفحہ 82
احسان کا معنی و مفہوم احسان کامعنی: لغوی معنی: …لغت میں برائی کی ضدکو احسان[بھلائی]کہتے ہیں۔ شرعی معنی:… خفیہ اورظاہری طور پر اللہ تعالیٰ کی نگہبانی کا خیال رکھنا۔ احسان کے ارکان: احسان کا ایک ہی رکن ہے:رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ((اَنْ تَعْبُدَ اللّٰہَ کَاَنَّکَ تَرَاہٗ، فَاِنْ لَّمْ تَکُنْ تَرَاہُ فَاِنَّہُ یَرَاکَ۔)) ’’ یہ کہ تم اللہ کی بندگی ایسے کرو گویا کہ تم اللہ کو دیکھ رہے ہو، اگر(یہ تصور قائم نہ کرسکو کہ) تم اسے دیکھ رہے ہو تو(یہ تصور ہو کہ) وہ تمہیں دیکھ رہاہے۔‘‘[متفق علیہ] احسان کی اقسام: اس کی دو قسمیں ہیں: ۱۔ مخلوق کے ساتھ احسان۔یہ چارچیزوں میں ہوسکتا ہے: ۱۔مال کے ساتھ ۲۔ عزت و جاہ کے ساتھ ۳۔ علم کے ساتھ ۴۔ بدن کے ساتھ۔ ۲۔ خالق کی عبادت میں احسان: احسان کی اس قسم کے دو مراتب ہیں: ۱۔ پہلامرتبہ:… مشاہدہ:((اَنْ تَعْبُدَ اللّٰہَ کَاَنَّکَ تَرَاہٗ)) ’’ یہ کہ تم اللہ کی بندگی ایسے کرو گویا کہ تم اللہ کو دیکھ رہے ہو۔‘‘ یہ ان دونوں مراتب میں سے بلند ترین مرتبہ ہے۔