کتاب: آسان توحید - صفحہ 66
کفر کے معنی و اقسام
کفر کا معنی:
لغت میں: …چھپانے اور ڈھانک لینے کو’’کفر‘‘ کہتے ہیں۔
شرع میں: …اسلام کی ضد کفر ہے۔
کفر کی اقسام:
کفر کی دو اقسام ہیں: ۱۔ کفر اکبر ۲۔ کفر اصغر
کفر اکبر:
اس میں یہ مسائل ہیں:
۱۔ کفر اکبرکا معنی: … اللہ تعالیٰ پر اور اس کے رسولوں پر ایمان نہ رکھنا، خواہ اس کے ساتھ جھٹلانانہ بھی ہو۔
۲۔ کفر اکبر کا حکم: … کفر اکبر کی وجہ سے دین اسلام اور ملت سے خروج لازم آتا ہے۔
۳۔ کفر اکبر کی اقسام:
ا۔ کفر تکذیب: اس کی دلیل اللہ تعالیٰ کا یہ فرمان ہے:
﴿وَ مَنْ اَظْلَمُ مِمَّنِ افْتَرٰی عَلَی اللّٰہِ کَذِبًا اَوْ کَذَّبَ بِالْحَقِّ لَمَّا جَآئَ ہٗ اَلَیْسَ فِیْ جَہَنَّمَ مَثْوًی لِّلْکٰفِرِیْنَ﴾
’’اور ا س سے بڑھ کر کون ظالم ہے جو اللہ پر جھوٹ باندھے، یا حق کو جھٹلا دے جب وہ اس کے پاس آئے؛کیا ان کافروں کے لئے جہنم میں کوئی رہنے کی جگہ نہیں ہے؟‘‘[1]
[1] تکذیب:… اس سے مراد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے جھوٹا ہونے کا اعتقادبھی ہے؛اس قسم کے لوگ باقی اقسام کی نسبت دنیا میں بہت ہی کم ہیں، کیونکہ اللہ تعالیٰ نے اپنے نبی صلی اللہ علیہ وسلم کو وہ دلائل اور براہین ومعجزات عطا کیے تھے جو آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی سچی نبوت ورسالت پر دلالت کرتے ہیں او ر جن سے ہر قسم کا شک و شبہ باطل ہوجاتا ہے اور کفار کا عذر ختم اوران پر حجت قائم ہوجاتی ہے، فرما ن ِ الٰہی ہے:﴿فَإِنَّہُمْ لَا یُکَذِّبُونَکَ وَلَکِنَّ الظَّالِمِیْنَ بِآیَاتِ اللّٰہِ یَجْحَدُوْنَ﴾[الانعام:۳۳]’’ بے شک وہ آپ کو نہیں جھٹلاتے، بلکہ یہ ظالم تو اللہ کی آیات کا انکار کرتے ہیں۔‘‘