کتاب: آسان توحید - صفحہ 65
٭ دین کے تین مراتب کا بیان: ۱۔اسلام ۲۔ایمان ۳۔احسان۔ ٭ تیسرااصول: انسان کا اپنے نبی محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی معرفت حاصل کرنا۔ اس میں بذیل مسائل ہیں: ۱۔ آپ صلی اللہ علیہ وسلم کانام اور نسب:… محمدبن عبداللہ بن عبد المطلب بن ہاشم۔ ہاشم کا تعلق قریش سے تھا۔ قریش عرب میں سے تھے اور عرب حضرت اسماعیل بن ابراہیم علیہما السلام کی اولاد میں سے تھے۔ ۲۔ آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی عمر مبارک:… آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے تریسٹھ سال کی عمر پائی۔ان میں سے چالیس سال نبوت سے پہلے کے ہیں۔اور تئیس سال نبوت ورسالت ملنے کے بعد کے ہیں۔ ۳۔ آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی نبوت اور رسالت:…سورۂ علق کے نزول سے نبوت ملی اور سورۂ مدثر کے نزول سے رسالت ملی۔ ۴۔ آپ کا شہر اور دار ہجرت:… آپ کا شہر مکہ تھا۔ پھر وہاں سے ہجرت کرکے مدینہ طیبہ چلے گئے۔ ۵۔ آپ کی دعوت کا موضوع:… اللہ تعالیٰ نے آپ کو شرک کی قباحت سے ڈرانے اور توحید کی طرف بلانے کے لیے مبعوث فرمایا تھا۔ [1]
[1] تمام انبیائے کرام علیہم السلام کی دعوت کا اہم ترین مرکزی نقطہ اللہ تعالیٰ کی توحید اور شرک سے اجتناب ہوا کرتا تھا۔ اور اسی دعوت کو ہمیشہ اولین اہمیت حاصل رہی ہے۔داعی کو بھی چاہیے کہ انبیائے کرام علیہم السلام کی راہوں پر گامزن رہتے ہوئے سب سے پہلے دعوت توحید کا کام کرے ؛ اس کے بعد دیگر مسائل بیان کیے جائیں۔ اس کی برکت یہ ہوتی ہے کہ جب لوگ اللہ تعالیٰ کی توحید پر کاربند ہوجاتے ہیں تو باقی احکام شریعت کا ماننا آسان ہوجاتا ہے۔