کتاب: آسان توحید - صفحہ 34
لَا اِلٰہَ اِلَّا اللّٰہُ کی شروط پہلی شرط:… ’’علم، جو کہ جہالت کے منافی ہو۔‘‘ دوسری شرط:… ’’یقین،جو کہ شک کے منافی ہو۔‘‘ تیسری شرط:… ’’اخلاص، جوکہ شرک کے منافی ہو۔‘‘ چوتھی شرط:… ’’صدق، جو کہ جھوٹ کے منافی ہو۔‘‘ پانچویں شرط:…’’ محبت، جو کہ بغض کے منافی ہو۔‘‘ چھٹی شرط:… ’’سر تسلیم خم کرنا، جو کہ ترک کے منافی ہو۔‘‘ ساتویں شرط:…’’قبول، جو کہ رد کے منافی ہو۔‘‘ آٹھویں شرط:… ’’غیر اللہ کا انکار۔‘‘ ان شرائط کی تفصیل: ۱۔علم:…اس کا معنی یہ ہے کہ لَا اِلٰہَ اِلَّا اللّٰہُ کے نفی و اثبات کے معانی کا علم ہو۔[1]
[1] اللہ تعالیٰ کے متعلق یہ علم اس لئے ضروری ہے کہ اللہ تعالیٰ کے ایک ہونے اور اکیلے ہی مستحق عبادت ہونے سے لاعلمی بندے کے قبول اسلام میں رکاوٹ ہے، اس لئے کسی بھی انسان پر اسلام قبول کرنے کے لئے اللہ تعالیٰ کی وحدانیت اور مستحق عبادت ہونے کاعلم لازم ہے۔نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کاارشاد ہے:((مَنْ مَاتَ وَہُوَ یَعْلَمُ اَنَّہُ لَا اِلٰہَ الَّا اللّٰہُ دَخَلَ الْجَنَّۃَ۔))جو اس حال میں مرگیا کہ وہ اس بات کا علم رکھتا تھا کہ اﷲ کے علاوہ کوئی معبود نہیں ہے تو یہ آدمی جنت میں داخل ہوگا۔(مسلم) ابو مظفروزیر کہتے ہیں کہ لَا اِلٰہَ اِلَّا اللّٰہُ ایک گواہی ہے اور جو شخص کسی بات کی گواہی دے رہا ہو تو اس پر لازم ہوتا ہے کہ وہ اس بات سے واقف ہو جس بات کی گواہی دے رہا ہے، لہٰذاجو مسلمان لَا اِلٰہَ اِلَّا اللّٰہُ کا اقرار کر رہا ہے اسے اس شہادت اور گواہی کے بارے میں علم ہونا چاہیے اس لئے کہ اس کا حکم اﷲ نے دیا ہے۔ الوہیت صرف اسی کیلئے واجب ہے کوئی دوسرا ا س کا حق نہیں رکھتا۔اس طرح اس کلمہ سے یہ بھی ثابت ہوتا ہے کہ طاغوت کا انکار لازم ہے اللہ تعالیٰ پر ایمان ضروری ہے جب کوئی انسان تمام مخلوق سے الوہیت کی نفی کرکے صرف اﷲ کے لئے اسے ثابت کرتا ہے تو یہ کفر بالطاغوت اور ایمان باﷲ ہے۔(الدارالسنۃ۲؍۲۱۶) شیخ عبداﷲ بن عبدالرحمن ابابطین کہتے ہیں:اللہ تعالیٰ کا فرمان ہے:﴿ھٰذَا بَلاٰغُ لِّلنَّاسِ[حاشیہ جاری ہے]