کتاب: آسان توحید - صفحہ 162
یُنْقُصُ ذٰلِکَ مِنْ اُجُوْرِہِمْ شَیْئًا۔))[مسلم] ’’ جس نے ہدایت کی بات کی طرف دعوت دی، اس کے لئے اتنا ہی اجر ہے جتنا اس بات کے ماننے والوں کے لئے ہے، اوران میں سے کسی کے اجر میں کچھ بھی کمی واقع نہیں ہوگی۔‘‘ سب سے پہلی دعوت توحید کی طرف دی جائے گی: سب سے پہلے جس چیز کا سیکھنا، سمجھنا اور اسے نافذ کرنا واجب ہوتا ہے، وہ اللہ تعالیٰ کی توحید ہے۔اس کی دلیل یہ ہے کہ جب رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے حضرت معاذ بن جبل رضی اللہ عنہ کو یمن کی طرف روانہ فرمایا، توانہیں یوں وصیت کی: ’’ سب سے پہلے انہیں اس کی دعوت دینا کہ وہ اس بات کی گواہی دیں اللہ کے علاوہ کوئی معبود برحق نہیں۔ ‘‘ ایک روایت میں ہے: ’’اللہ کو ایک مانیں(اور میری رسالت کو مانیں)۔‘‘[متفق علیہ] دعوت توحید کے وسائل: ذیل میں دعوت توحید کے بعض ایسے وسائل درج کیے جارہے ہیں جو کہ تمام لوگوں کے لیے مناسب ہیں۔اور ان میں کوئی بڑی مشقت بھی نہیں۔ ۱۔ دعوت توحید پر مشتمل کتب اور منشورات چھپوا کر تقسیم کیے جائیں۔ ۲۔ توحید کی دعوت پر مشتمل کتابوں کی تقسیم کے لیے اہل تجارت سے بات چیت کرنا۔ ۳۔ توحید کی دعوت پر مشتمل کیسٹ تقسیم کرنا۔ ۴۔ دروس، تقاریر، وعظ و نصیحت کے ذریعہ توحید واضح کرنا، اور اس سلسلہ میں علماء اور دعاۃ کے ساتھ رابطے کرکے پروگرام طے کرنا۔ ۵۔ گھر میں اپنے اہل خانہ اور بچوں کو توحید کی تعلیم دینا، اور انہیں عقیدہ کی کتابیں پڑھانا، بچوں کے مابین انعامی مقابلے کروانا۔