کتاب: آسان توحید - صفحہ 116
شفاعت کا معنی و مفہوم
شفاعت کا معنی:
لغت میں:…شفع یشفع شفاعۃ کا مصدر ہے؛ یعنی جب کسی چیز کو دوہرا کردیا جائے۔ شفع[جوڑا]وتر[اکیلے]کی الٹ اورضدہے۔
اصطلاح میں:… نفع کے حصول یا نقصان سے بچنے کے لئے کسی دوسرے کا واسطہ اختیار کرنا۔
شفاعت کی اقسام:
شفاعت کی دو اقسام ہیں:
۱۔ منفی شفاعت۔ ۲۔ مثبت شفاعت۔
منفی شفاعت:
ا۔ اس کا معنی: …(وہ جو غیراللہ سے طلب کی جائے، اور اس پراللہ تعالیٰ کے علاوہ کوئی بھی قادر نہ ہو)
ب: اس کی دلیل:… اللہ تعالیٰ کافرمان ہے:
﴿یٰٓاَیُّہَا الَّذِیْنَ اٰمَنُوْٓا اَنْفِقُوْا مِمَّا رَزَقْنٰکُمْ مِّنْ قَبْلِ اَنْ یَّاْتِیَ یَوْمٌ لَّا بَیْعٌ فِیْہِ وَ لَا خُلَّۃٌ وَّ لَا شَفَاعَۃٌ وَ الْکٰفِرُوْنَ ہُمُ الظّٰلِمُوْنَ﴾[البقرۃ:۲۵۴]
’’اے لوگو جو ایمان لائے ہو! اس میں سے خرچ کرو جو ہم نے تمھیں دیا ہے، اس سے پہلے کہ وہ دن آئے جس میں نہ کوئی خرید و فروخت ہوگی اور نہ کوئی دوستی اور نہ کوئی سفارش اور کافر لوگ ہی ظالم ہیں۔‘‘