کتاب: آسان حج و عمرہ مع زیارات مدینہ - صفحہ 78
تلبیہ کہنا واجب ہے۔ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا:’’میرے پاس جبرئیل آئے اور مجھے حکم دیا کہ اپنے ساتھیوں کو بلند آواز سے تلبیہ اور تسبیح پڑھنے کا حکم دوں ۔‘‘(بخاری، مسلم) مسئلہ :…جب سے احرام باندھا اس وقت سے تلبیہ کہنا شروع کریں گے، اور مکہ مکرمہ پہنچ کر طواف شروع کرنے تک تلبیہ کہتے رہیں گے۔ جب طواف شروع ہوگیا تو تلبیہ ختم کرکے دیگر ذکر و اذکار، توبہ و استغفاراور نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم پر درود سلام میں مشغول ہوجائیں ۔باقی پورے راستہ تلبیہ کہیں ۔خصوصاً جب گاڑی کسی چڑہائی پر چڑھ رہی ہو،یا نیچے اتر رہی ہو، تو پکار کر تلبیہ کہیں ۔ مسئلہ :…یہ بھی سنت میں سے ہے کہ انسان مکہ مکرمہ پہنچنے کے بعد بیت اللہ میں داخل ہونے سے [اور طواف شروع کرنے سے] پہلے ایک بار پھر غسل کرلے۔