کتاب: آسان حج و عمرہ مع زیارات مدینہ - صفحہ 181
’’میری اس مسجد میں ایک نماز مسجد حرام کے علاوہ باقی تمام مسجدوں میں ایک ہزار نماز سے بہتر ہے۔‘‘[متفق علیہ] حضرت ام المومنین میمونہ رضی اللہ عنہا فرماتی ہیں : ’’میں نے اللہ کے رسول صلی اللہ علیہ وسلم سے فرماتے ہوئے سنا کہ اس (مسجد نبوی) میں نماز پڑھنا بیت اللہ شریف کے علاوہ باقی تمام مسجدوں میں ایک ہزار نماز سے افضل ہے۔‘‘[مسلم ] مسئلہ :…مسجد ِنبوی میں داخل ہوتے ہی دعائے دخول اورپھر تحیۃ المسجد پڑھیں اور اگر ممکن ہو تو ریاض الجنّۃمیں پڑھیں جو قبر شریف کے ساتھ ہی سفید ستونوں والی جگہ ہے اور جسے نبی صلی اللہ علیہ وسلم نے ’’جنّت کا باغیچہ‘‘ قراردیا ہے۔آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا:’’میرے گھر اور میرے منبر کے درمیان کی جگہ جنت کی کیاریوں میں سے ایک کیاری (باغ) ہے اور میرا منبر میرے حوض پر ہے۔‘‘ (بخاری)