کتاب: آفات نظر اور ان کا علاج - صفحہ 40
۵۔ غض بصرسے دل شہوات کا اسیر نہیں ہوتا۔آنکھوں کوکھلا چھوڑ دیا جائے تو دل شہوات وخواہشات کا شکار ہوکر رہ جاتاہے۔جس کے نتیجہ میں اکثر وبیشتر انسان دنیا وآخرات میں ذلیل ورسوا ہو کر رہتاہے۔ ۶۔ غض بصرسے انسان جہنم کے دروازوں میں سے ایک دروازے سے محفوظ ہوجاتا ہے کیونکہ جہنم سے بچاؤ کا ذریعہ احکام شریعت کی پابندی ہے مگر جو شخص محرمات کی پرواہ نہیں کرتااور شریعت کے حجاب کو توڑ دیتا ہے۔وہ جہنم کے راستے پر چل نکلتاہے۔ نظر بازی کا مریض چونکہ نت نئے دن حسن وجمال کے پیکر کا متلاشی ہوتاہے جس کے نتیجہ میں وہ گناہ سے محفوط نہیں رہتا،یوں وہ دن بدن جہنم کے قریب اور جنت سے دور ہوتا چلا جاتاہے۔ جبکہ نظرکی حفاظت کرنے والا عموما اس سے محفوظ رہتاہے۔ ۷۔ غض بصرعقلمندی کی،جبکہ نظربازی حماقت اور بیوقوفی کی علامت ہے۔ کیونکہ عقلمند ہمیشہ عواقب پر نظر رکھتا ہے۔اگر نظر بازی کا مرتکب اپنے انجام سے خبردار ہوتا تو وہ اس حماقت کا ارتکاب ہی نہ کرتا۔ ۸۔غض بصر سے انسان عشق کے نشہ نیز غفلت اور بے پرواہی سے محفوظ رہتا ہے۔ کیونکہ نظربازی انسان کو اللہ تعالیٰ اور آخرت سے غافل کرتی ہے اور عشق کے نشہ میں مست کر دیتی ہے۔اس حقیقت کو یوں سمجھئے کہ کسی غیر محرم کی طرف دیکھنا ایسا ہے جیسے شراب کاپیالہ۔ عشق اس شراب کا نشہ ہے۔ عشق کا نشہ شراب کے نشہ سے زیادہ خطرناک اور مہلک ہے کیونکہ شراب کے نشہ سے تو جان چھوٹ جاتی ہے مگر عشق کا نشہ جان لیوا ثابت ہوتا ہے۔ ۹۔ غض بصر اللہ تعالیٰ کی محبت کا ذریعہ ہے۔حسن بن مجاھد فرماتے ہیں۔ ’’ غض البصرعن محارم اللّٰہ یورث حب اللّٰہ ‘‘ ’’محرمات سے آنکھیں نیچی کر لینا اللہ تعالیٰ کی محبت کا باعث ہے۔‘‘ ۱۰۔ غض بصر سے دل مضبوط ہوتا ہے اور اپنے آپ میں اعتماد کی کیفیت پید ا ہوتی ہے