کتاب: آداب دعا - صفحہ 10
عظمت ِرفتہ کی باز یابی کی دعائیں کرتے رہتے ہیں مگر تا حال حالات میں کوئی واضح فرق کیوں نظر نہیں آرہا ؟ اس بات پر غور و خوض کرنے کے لیٔے چند چیزوں کا پیشِ نظر رہنا اشدّ ضروری ہے ، مثلاً :
بندے کی دعائیں کیسے قبول ہو سکتی ہیں ؟
ان کی قبولیّت کی شرائط کیا ہیں ؟
دعاء کے آداب کیا ہیں ؟
کِن کِن اوقات میں اور کِن کِن مقامات پر کی گئی دعائیں قبولیّت کے قریب تر ہوتی ہیں ؟
اور مستجاب الدعوات وغیر مستجاب الدعوات لوگ کون ہو سکتے ہیں ؟
زیرِ نظر کتاب میں انہی امور کو قدرے تفصیل کے ساتھ بیان کیا گیا ہے ۔
قیام متحدہ عرب امارات کے دوران راقم کی راہنمائی میں اس کتاب کے مواد کی جمع و ترتیب کا اصل بنیادی کام ہمارے فاضلِ عزیز مولانا غلام مصطفیٰ فاروق نے کیا تھا ۔ فَجَزَاہُ اللَّـہُ خَیْرَا
اور یہ مقالہ قدرے مختصر انداز سے پہلے ہماری کتاب’’ مسنون ذکرِ الہی (دعائیں)‘‘کے شروع میں بطورِ’ ’مقدمہ طبع دوم ‘‘شائع ہو چکا ہے ۔[1]
اس کے بعد اس میں بعض ترامیم اور بکثرت اہم اضافوں کے ساتھ ہم نے اسے نئے سرے سے مرتّب کر کے سعودی ریڈیو مکہ مکرمہ سے اپنے ہفت روزہ پروگرام ’’اسلام اور ہماری زندگی ‘‘ کی چند نشستوں میں اپنے سامعین کے سامنے بھی پیش کیا۔[2]
[1] دیکھیٔے :ص۲۰تا۹۰،طبع دوم مفصّل ۲۰۰۱ ء ۔
[2] کچھ قسطیں ۱۴۲۴ ھ ، ۲۰۰۳ء کے وسط میں اور پھر کچھ ۱۴۲۵ھ ، ۲۰۰۴ء کے وسط میں