کتاب: 477 سوال و جواب برائے نکاح و طلاق - صفحہ 65
ہاں!باپ کے لیے جائز ہے کہ بیٹوں سے بیوی منتخب کرنے کے متعلق اور اپنی بیٹی سے خاوند کے انتخاب کے بارے میں گفتگو کرے،اور اس ضمن میں دونوں سے مشورہ کرے،کیونکہ یہ مصلحت سے خالی نہیں ہے۔ (اللجنة الدائمة:9174) 35۔منگیتر سے لڑکی کے مرض کو چھپانا۔ اگر لڑکے کو علم نہ ہوتو لڑکی کے سرپرست پر لازم ہے کہ لڑکی میں جو بھی عیب یا بیماری ہے اس کے متعلق لڑکے کو ضرور آگاہ کرے،تاکہ اسے علم ہوجائے کیونکہ اسے لاعلم رکھنا دھوکہ دہی ہے،اور نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کافرمان ہے: ((مَن غشَّنا فليس منا)) [1] ’’جس نے ہم سے دھوکہ کیا وہ ہم میں سے نہیں ہے۔‘‘ 36۔لڑکی کا اپنے منگیترکے ساتھ گھر سے باہرجانا۔ نکاح سے پہلے محرم کے بغیر لڑکی کے لیے جائز نہیں کہ اپنے منگیتر کے ہمراہ گھر سے باہرنکلے،کیونکہ یہ فتنے اور ایسی چیز کا سبب ہے جس کا انجام اور نتیجہ اچھا نہیں ہوتا۔(اللجنة الدائمة:20893) 37۔لڑکے کا اپنی منگیتر کو بوسہ دینا۔ بغیر خلوت کے لڑکا اپنی منگیتر سے اورمنگتیر لڑکے سے بات کرسکتی ہے،لیکن لڑکا اسے بوسہ دے سکتا ہے اور نہ ہی چھو سکتا ہے مگر نکاح کے بعد ہی،کیونکہ نکاح سے پہلے وہ اجنبی ہے،اگرچہ وہ اس کا منگیتر ہے۔ (اللجنة الدائمة:17961)
[1] ۔صحيح ۔صحيح مسلم(164/102)