کتاب: 477 سوال و جواب برائے نکاح و طلاق - صفحہ 273
عدت اور سوگ منانا 308۔عورتوں پر عدت فرض کرنے کی حکمت۔ اللہ تعالیٰ نے بہت زیادہ حکمتوں کے پیش نظر عورتوں پر عدت کو لازم قرار دیا ہے،علامہ ابن القیم رحمۃ اللہ علیہ نے اپنی معرکۃ الآراء کتاب ”اعلام الموقعین“میں انھیں ذکر کیا ہے،ان کا کلام یہاں نقل کیا جاتا ہے: ”پہلا مقام:عدت کے مشروع ہونے میں کئی حکمتیں ہیں: 1۔رحم خالی ہونے کا علم ہونا اور یہ کہ دویا زیادہ وطی کرنے والوں کا پانی ایک ہی رحم میں جمع نہ ہو،اس سے نسب خلط ملط اور خراب ہو جائیں گے۔نیز اس میں ایسا فساد پایا جاتا ہے جس سے شرع اور حکمت دونوں مانع ہیں۔اس عقد کی عظمت، بلندی شان اور اظہار شرف و منزلت بھی مقصود ہے۔ 2۔طلاق دینے والے کے لیے زمانہ رجوع کو طوالت دینا،شاید کے کسی روز شرمندہ ہو اور رجوع کے لیے آمادہ ہو جائے۔ 3۔خاوند کے حق کی ادائیگی اور زیب و آرائش کے ترک سے اس کے دنیا میں ناہونے کی تاثیر کا اظہار یہی وجہ ہے کہ بیٹے اور باپ پر سوگ کی نسبت خاوند پر سوگ کا زمانہ کافی طویل ہے۔