سورة المآئدہ - آیت 9

وَعَدَ اللَّهُ الَّذِينَ آمَنُوا وَعَمِلُوا الصَّالِحَاتِ ۙ لَهُم مَّغْفِرَةٌ وَأَجْرٌ عَظِيمٌ

ترجمہ ترجمان القرآن - مولانا ابوالکلام آزاد

جو لوگ ایمان لائے ہیں اور جنہوں نے نیک عمل کیے ہیں ان سے اللہ نے وعدہ کیا ہے کہ (آخرت میں) ان کو مغفرت اور زبردست ثواب حاصل ہوگا۔

تفسیر تیسیر الرحمن لبیان القرآن - محمد لقمان سلفی صاحب

30۔ اس آیت میں اللہ نے اہل ایمان اور عمل صالح کرنے والوں کو خوشخبری دی ہے کہ اللہ ان کے گناہوں کو معاف کردے گا اور جنت میں مقام عطا فرمائے گا۔ اس کے بعد والی آیت میں قرآن کریم کے عام طریقہ کے مطابق اللہ نے یہ بتایا کہ جو شخص کفر کی راہ اختیار کرے گا اور اللہ کی آیتوں کو جھٹلائے گا، اللہ اسے جہنم میں داخل کرے گا۔