سورة آل عمران - آیت 149

يَا أَيُّهَا الَّذِينَ آمَنُوا إِن تُطِيعُوا الَّذِينَ كَفَرُوا يَرُدُّوكُمْ عَلَىٰ أَعْقَابِكُمْ فَتَنقَلِبُوا خَاسِرِينَ

ترجمہ ترجمان القرآن - مولانا ابوالکلام آزاد

اے ایمان والو ! جن لوگوں نے کفر اپنا لیا ہے اگر تم ان کی بات مانو گے تو وہ تمہیں الٹے پاؤں (کفر کی طرف) لوٹا دیں گے، اور تم پلٹ کر سخت نقصان اٹھاؤ گے۔

تیسیر الرحمن لبیان القرآن - محمد لقمان السلفی رحمہ اللہ

102۔ سیاق کلام جنگ احد سے ہی متعلق ہے۔ اوپر گذر چکا کہ شیطان نے مشہور کردیا کہ محمد کا قتل ہوگیا، تو منافقین نے بعض مسلمانوں سے کہا کہ اگر محمد نبی ہوتے تو قتل نہ ہوجاتے، اس لیے تم لوگ اپنے آباء و اجداد کے دین کی طرف پھر جاؤ، چونکہ یہ بات اسلام اور مسلمانوں کے خلاف ایک بڑی سازش تھی، اس لیے اللہ نے انہیں متنبہ کیا، کہ اگر تم لوگوں نے ان کافروں کی اطاعت کی تو یہ تمہیں اسلام سے برگشتہ بنا دیں گے، اور ہر طرح کا خسارہ تمہارا نصیب بن جائے گا۔