سورة ھود - آیت 42

وَهِيَ تَجْرِي بِهِمْ فِي مَوْجٍ كَالْجِبَالِ وَنَادَىٰ نُوحٌ ابْنَهُ وَكَانَ فِي مَعْزِلٍ يَا بُنَيَّ ارْكَب مَّعَنَا وَلَا تَكُن مَّعَ الْكَافِرِينَ

ترجمہ ترجمان القرآن - مولانا ابوالکلام آزاد

اور (دیکھو) ایسی موجوں میں کہ پہاڑ کی طرح اٹھتی ہیں کشتی انہیں لیے جارہی ہے، اور نوح نے اپنے بیٹے کو پکارا، وہ کنارہ پر (کھڑا) تھا، اے میرے بیٹے ! ہمارے ساتھ کشتی میں سوار ہوجا، کافروں کے ساتھ نہ رہ۔

تیسیر الرحمن لبیان القرآن - محمد لقمان السلفی رحمہ اللہ

(30) جب نوح اور ان کے مسلمان ساتھی بسم اللہ کہہ کر سوار ہوگئے، تو کشتی پہاڑوں کے مانند اونچے موجوں کے درمیان چلنے لگی، اس وقت نوح نے اپنے بیٹے کو پکارا جو کافر ہونے کی وجہ سے کشتی میں سوار نہیں ہوا تھا، کہ اے میرے بیٹے ! اب بھی موقع ہے کہ ہمارے دین میں داخل ہوجاؤ اور ہمارے ساتھ کشتی میں سوار ہوجاؤ اور کافروں کا ساتھ چھوڑ دو۔