سورة الانفال - آیت 28

وَاعْلَمُوا أَنَّمَا أَمْوَالُكُمْ وَأَوْلَادُكُمْ فِتْنَةٌ وَأَنَّ اللَّهَ عِندَهُ أَجْرٌ عَظِيمٌ

ترجمہ ترجمان القرآن - مولانا ابوالکلام آزاد

اور یاد رکھو تمہارا مال اور تمہاری اولاد (تمہارے لیے) ایک آزمائش ہے اور یہ بھی نہ بھولو کہ اللہ ہی ہے جس کے پاس (بخشنے کے لیے) بہت بڑا اجر ہے۔

تیسیر الرحمن لبیان القرآن - محمد لقمان السلفی رحمہ اللہ

(22) مال اور اولاد کی محبت میں آدمی بہت سے گناہ کر بیٹھتا ہے، اس لیے اللہ تعالیٰ نے اسے مسلمانوں کے لیے امتحان اور آزمائش کا سبب بنایا ہے اور دیکھنا چاہتا ہے کہ کون ان کی وجہ سے خیانتوں کا مرتکب ہوتا ہے اور کون شیطان کے فریب میں نہیں آتا اللہ کی نافرمانی نہیں کرتا اور اللہ کی یاد سے غافل نہیں ہوتا اسی لیے اللہ نے آیت کے آخر میں فرمایا ہے کہ جو اللہ کی رضا کو مال ودولت کی ہوس اور اولاد کی محبت پر ترجیح دے گا اللہ اسے اجر عظیم فرمائے گا۔