سورة البقرة - آیت 29

هُوَ الَّذِي خَلَقَ لَكُم مَّا فِي الْأَرْضِ جَمِيعًا ثُمَّ اسْتَوَىٰ إِلَى السَّمَاءِ فَسَوَّاهُنَّ سَبْعَ سَمَاوَاتٍ ۚ وَهُوَ بِكُلِّ شَيْءٍ عَلِيمٌ

ترجمہ مکہ - مولانا جوناگڑھی صاحب

وہ اللہ جس نے تمہارے لئے زمین کی تمام چیزوں کو پیدا کیا (١) پھر آسمان کی طرف قصد کیا (٢) اور ان کو ٹھیک ٹھاک سات آسمان (٣) بنایا اور وہ ہر چیز کو جانتا ہے۔

تیسیر الرحمن لبیان القرآن - محمد لقمان السلفی رحمہ اللہ

اللہ تعالیٰ نے زندگی اور موت پر اپنی قدرت کاملہ کا ذکر کر کے بعث بعد الموت پر دلیل پیش کیا، پھر اچھوتے انداز میں کائنات کی تخلیق کا ذکر کیا اور کہا کہ اس میں حیرت کی کوئی بات نہیں کیونکہ اللہ تو ہر چیز کو جاننے والا ہے، اس لیے وہ ہر چیز کو احسن طریق پر پیدا کرنے پر قادر ہے، اس نے آدم کو پیدا کیا اور اس علم سے نوازا جس سے اس کی فضیلت ظاہر ہوئی۔ یہ آیت دلیل ہے اس بات کی کہ اللہ تعالیٰ نے جتنی چیزیں پیدا کی ہیں ان کے بارے میں اصل حکم اباحت و طہارت ہے۔ یہاں تک کہ کسی چیز کی حرمت یا ناپاکی کے بارے میں کوئی صریح دلیل نہ آجائے۔ قرآن کریم میں (استوی) تین معنوں میں استعمال ہوا ہے : اگر کسی حرف سے متعدی نہیں ہے تو کمال و تمام کے معنی میں ہوگا، جیسا کہ اللہ نے موسیٰ (علیہ السلام) کے بارے میں فرمایا۔ وَلَمَّا بَلَغَ أَشُدَّهُ وَاسْتَوىĬ ۔ اور اگر حرف علی کے ذریعہ متعدی ہے تو علا اور ارتفع کے معنی میں ہوگا جیسا کہ اللہ تعالیٰ نے فرمایا: ۔ اور اگر الی کے ذریعہ متعدی ہے تو (قصد) کے معنی میں ہوگا، جیسا کہ اللہ تعالیٰ نے اس آیت میں فرمایا ہے۔ ۔ یعنی اللہ نے آسمان کی طرف قصد کیا، اور اسے سات آسمان بنایا اور مضبوط و مستحکم کیا، اور وہ آسمان و زمین کے درمیان کی ہر چیز کو جانتا ہے، ہر ظاہر و باطن کا علم رکھتا ہے۔ اس آیت میں دلیل ہے اس بات کی کہ اللہ نے زمین کو آسمان سے پہلے پیدا کیا اور سورۃ نازعات کی آیت اس بات پر دلالت کرتی ہے کہ اللہ نے پہلے زمین کو پیدا کیا پھر آسمان کو پیدا کیا۔ پھر زمین کو پھیلایا اور اس میں درخت اور گھاس وغیرہ اگائے۔