سورة الشورى - آیت 5

تَكَادُ السَّمَاوَاتُ يَتَفَطَّرْنَ مِن فَوْقِهِنَّ ۚ وَالْمَلَائِكَةُ يُسَبِّحُونَ بِحَمْدِ رَبِّهِمْ وَيَسْتَغْفِرُونَ لِمَن فِي الْأَرْضِ ۗ أَلَا إِنَّ اللَّهَ هُوَ الْغَفُورُ الرَّحِيمُ

ترجمہ فہم القرآن - میاں محمد جمیل

قریب ہے کہ آسمان ان کے اوپر سے پھٹ پڑیں۔ فرشتے اپنے رب کی حمد کے ساتھ تسبیح کر رہے ہیں اور زمین والوں کے حق میں درگزر کی فریاد کرتے ہیں۔ سنو! یقیناً اللہ غفور ورحیم ہے

تیسیر الرحمن لبیان القرآن - محمد لقمان السلفی رحمہ اللہ

اس کی عظمت تو وہ عظمت ہے اور اس کا جلال تو وہ جلال ہے کہ جس کی تاب نہ لا کر اگر آسمان پھٹ کر ایک دوسرے پر گر جائیں تو کوئی حیرت کی بات نہیں۔ وہ تو وہ ہے جس کی حمد و ثنا بیان کرنے اور اس کی عظمت و کبریائی کا گن گانے میں تمام فرشتے ہر لمحہ اور ہر آن مشغول رہتے ہیں اور اہل ایمان بندگان رب العالمین کے لئے دعاء مغفرت کرتے رہتے ہیں، اس لئے کہ انہیں معلوم ہے کہ اللہ بڑا مغفرت کرنے والا اور اپنے بندوں پر بڑا مہربان ہے۔