سورة النور - آیت 41

أَلَمْ تَرَ أَنَّ اللَّهَ يُسَبِّحُ لَهُ مَن فِي السَّمَاوَاتِ وَالْأَرْضِ وَالطَّيْرُ صَافَّاتٍ ۖ كُلٌّ قَدْ عَلِمَ صَلَاتَهُ وَتَسْبِيحَهُ ۗ وَاللَّهُ عَلِيمٌ بِمَا يَفْعَلُونَ

ترجمہ فہم القرآن - میاں محمد جمیل

” کیا تم دیکھتے نہیں ہو کہ اللہ کی تسبیح کررہے ہیں وہ جو آسمانوں اور زمین میں ہیں اور پرندے جو پر پھیلائے اڑتے ہیں ؟ ہر ایک اپنی نماز اور تسبیح کا طریقہ جانتا ہے اور یہ جو کچھ کرتے ہیں اللہ اس سے باخبر ہے۔ (٤١)

تیسیر الرحمن لبیان القرآن - محمد لقمان السلفی رحمہ اللہ

25۔ نبی کریم (ﷺ) کو بالخصوص اور ہر صاحب عقل و نظر کو بالعموم مخاطب کر کے کہا جارہا ہے کہ آسمان اور زمین میں پائی جانے والی تمام مخلوقات چاہے وہ فرشتے ہوں یا بنی نوع انسان یا جن، یا حیوان، حتی کہ جمادات بھی اللہ کی تسبیح بیان کرتے ہیں، چڑیاں فضا میں اڑتی ہوئی اپنے رب کی تسبیح بیان کرتی رہتی ہیں کائنات کی ہر چیز کو معلوم ہے کہ اسے اللہ کی تسبیح کیسے بیان کرنی ہے، اور رب العالمین کائنات میں وقوع پذیر ہونے والی ہر بات سے واقف ہے، سورۃ الاسراء آیت (44) میں گزر چکا ہے کہ کائنات کی ہر چیز اللہ کی تسبیح پڑھتی ہے۔