سورة البقرة - آیت 244

وَقَاتِلُوا فِي سَبِيلِ اللَّهِ وَاعْلَمُوا أَنَّ اللَّهَ سَمِيعٌ عَلِيمٌ

ترجمہ فہم القرآن - میاں محمد جمیل

اللہ کی راہ میں جہاد کرو اور جان لوکہ اللہ تعالیٰ خوب سننے اور خوب جاننے والا ہے

تیسیر الرحمن لبیان القرآن - محمد لقمان السلفی رحمہ اللہ

ذیل کی دو آیتوں میں اللہ تعالیٰ نے مال اور بدن کے ذریعہ جہاد فی سبیل اللہ کی ترغیب دلائی ہے، اس لیے کہ جہاد میں دونوں ہی چیزوں کی ضرورت پڑتی ہے۔ پہلی آیت کا مفہوم یہ ہے کہ جس طرح ڈر اور خوف نوشتہ تقدیر سے نہیں بچا سکتا، اسی طرح جہاد سے فرار، انسان کے اجل کو نہ قریب کرسکتا ہے اور نہ دور۔ اور وہی قتال جہاد فی سبیل اللہ ہوگا، جو اللہ کے دین کو سربلند کرنے کے لیے ہوگا اللہ کے رسول ( صلی اللہ علیہ وسلم ) نے فرمایا، جو قتال اس لیے ہو کہ اللہ کا کلمہ اونچا ہو، وہی فی سبیل اللہ ہوگا، (متفق علیہ)۔