سورة مريم - آیت 65

رَّبُّ السَّمَاوَاتِ وَالْأَرْضِ وَمَا بَيْنَهُمَا فَاعْبُدْهُ وَاصْطَبِرْ لِعِبَادَتِهِ ۚ هَلْ تَعْلَمُ لَهُ سَمِيًّا

ترجمہ فہم القرآن - میاں محمد جمیل

” وہ رب ہے آسمانوں اور زمین کا اور ان ساری چیزوں کا جو آسمان و زمین کے درمیان ہیں پس تم اس کی بندگی کرو اور اسی کی بندگی پر ثابت قدم رہو۔ کیا ہے کوئی ہستی تمہارے علم میں اس کی ہم نام ہے ؟“ (٦٥)

تیسیر الرحمن لبیان القرآن - محمد لقمان السلفی رحمہ اللہ

(41) آپ کا رب آسمانوں اور زمین کا رب ہے، اور ان کے درمیان جتنی مخلوقات ہیں ان سب کا رب ہے، اس ذات باری تعالیٰ کے بارے میں یہ کیسے تصور کیا جاسکتا ہے کہ غفلت اور بھول چوک اس پر طاری ہوسکتی ہے، اس لیے اے میرے نبی ! آپ اسی کی عبادت کیجیے اور تادم حیات اس پر ثابت قدم رہیے کیا آپ کے علم میں آپ کے رب کا کوئی شبیہ و مثیل اور کوئی مد مقابل ہے، جس کی طرف آپ التفات کریں، تاکہ وہ آپ کی حاجت پوری کردے؟ جب ایسی بات نہیں ہے تو اس کے سوا کوئی چارہ کار نہیں کہ اسی کے سامنے سر تسلیم خم کیا جائے، اسی کی عبادت کی جائے اور اس راہ پر پیش آنے والی ہر تکلیف پر صبر کیا جائے۔