سورة البقرة - آیت 207

وَمِنَ النَّاسِ مَن يَشْرِي نَفْسَهُ ابْتِغَاءَ مَرْضَاتِ اللَّهِ ۗ وَاللَّهُ رَءُوفٌ بِالْعِبَادِ

ترجمہ فہم القرآن - میاں محمد جمیل

اور بعض لوگوں میں سے بھی ہیں کہ اللہ تعالیٰ کی رضا مندی کی طلب میں اپنی جان کھپا دیتے ہیں اور اللہ تعالیٰ اپنے بندوں پر بڑی شفقت کرنے والا ہے

تیسیر الرحمن لبیان القرآن - محمد لقمان السلفی رحمہ اللہ

297: منافقین کی صفات بیان کرنے کے بعد، مؤمنین صالحین کی صفات حمیدہ بیان کی جا رہی ہیں، تاکہ بندہ مؤمن منافقین کی صفات سے بچے، اور صالحین کی صفات اپنے اندر پیدا کرے۔ ابن عباس (رض) وغیرہ کی روایت ہے کہ یہ آیت حضرت صہیب رومی کے بارے میں نازل ہوئی تھی، جب مکہ سے ہجرت کے وقت کفار قریش نے انہیں گھیر لیا کہ تم اپنا مال لے کر نہیں جاسکتے۔ اگر مال چھوڑ کر جانا چاہو تو جاسکتے ہو۔ چنانچہ انہوں نے اپنی ساری جائیداد اہل مکہ کے حوالے کردی، اور صرف ایمان لے کر مدینہ کے لیے روانہ ہوگئے، ان کے مدینہ پہنچنے سے پہلے یہ آیت نازل ہوچکی تھی، جب رسول اللہ ( صلی اللہ علیہ وسلم ) نے انہیں دیکھا تو کہا ربح صہیب ربح صہیب، مستدرک حاکم، طبقات ابن سعد۔ یہاں بھی وہی بات کہی جائے گی کہ قرآن و سنت سے استفادہ کرتے وقت عموم لفظ کا اعتبار ہوتا ہے، خصوص سبب کا نہیں ،، اس لیے یہ آیت ہر مجاہد فی سبیل اللہ پر منطبق ہوتی ہے، جو اللہ کی رضا حاصل کرنے کے لیے اپنی جان و مال کی قربانی پیش کردیتا ہے۔