سورة الدخان - آیت 28

كَذَٰلِكَ ۖ وَأَوْرَثْنَاهَا قَوْمًا آخَرِينَ

ترجمہ فہم القرآن - میاں محمد جمیل

ان کے پیچھے دھرے رہ گئے یہ ان کا انجام ہوا اور ہم نے دوسروں کو ان کا وارث بنا دیا

تفسیر تیسیر القرآن - مولانا عبدالرحمٰن کیلانی

[٢٠] یہ دوسری قوم کون تھی جو فرعون اور اٰل فرعون کے محلات، باغات، چشموں اور کھیتوں کی وارث بنی تھی؟ اس کے متعلق بھی اختلاف ہے۔ بعض لوگوں کا خیال ہے کہ بنی اسرائیل ہی کے کچھ لوگ مصر میں باقی رہے گئے تھے۔ جو فرعون اور آل فرعون کے اقتدار کے خاتمہ کے بعد ان چیزوں کے وارث بن گئے تھے۔ اور بعض کا خیال ہے کہ یہ بنی اسرائیل کے علاوہ کوئی اور لوگ تھے۔ قرآن کریم سے دو باتوں کی تائید ہوجاتی ہے۔ جیسا کہ یہاں بھی ﴿قَوْمًا اٰخَرِیْنَ﴾ کے الفاظ دوسری صورت کی تائید کرتے ہیں۔ نیز تاریخ سے بھی فرعون کی غرقابی کے بعد مصر میں بنی اسرائیل کی حکومت ثابت نہیں ہوتی۔