سورة النور - آیت 56

وَأَقِيمُوا الصَّلَاةَ وَآتُوا الزَّكَاةَ وَأَطِيعُوا الرَّسُولَ لَعَلَّكُمْ تُرْحَمُونَ

ترجمہ فہم القرآن - میاں محمد جمیل

” نماز قائم کرو، زکوٰۃ دو، اور رسول کی اطاعت کرو۔ امید ہے کہ تم پر رحم کیا جائے گا۔ (٥٦)

تفسیر سراج البیان - مولانا حنیف ندوی

(ف ٣) وعدہ استخلاف کے بعد اس آیت میں نہایت جامعیت کے ساتھ وہ پروگرام بتلایا ہے جس پر عمل پیرا ہونے سے خلافت ونیابت الہیہ کا منصب حاصل ہو سکتا ہے ، اور وہ پروگرام نماز اور زکوۃ کی تنظیم ہے ، رسول کی اطاعت اور فرمانبرداری ہے ، مسلمان اگر نماز کی روحانی واجتماعی برکات سے آگاہ ہوجائیں ، اور زکوۃ کی تنظیم کرلیں ، اور یہ طے کرلیں ، کہ ان کی زندگی اسوہ رسول کے کے مطابق ہوگی ، تو یقین جانئے ، آج ہی ان کی ہر قسم کی ذلتیں اور نحوستیں عزتوں اور سعادتوں سے بدل سکتی ہیں ۔