سورة الحشر - آیت 8

لِلْفُقَرَاءِ الْمُهَاجِرِينَ الَّذِينَ أُخْرِجُوا مِن دِيَارِهِمْ وَأَمْوَالِهِمْ يَبْتَغُونَ فَضْلًا مِّنَ اللَّهِ وَرِضْوَانًا وَيَنصُرُونَ اللَّهَ وَرَسُولَهُ ۚ أُولَٰئِكَ هُمُ الصَّادِقُونَ

ترجمہ فہم القرآن - میاں محمد جمیل

مالِ فئی ان غریب مہاجرین کے لیے ہے جو اپنے گھروں اور جائیدادوں سے نکال دئیے گئے ہیں، یہ وہ لوگ اللہ کا فضل اور اس کی خوشنودی چاہتے ہیں اور اللہ، اور اس کے رسول کی حمایت پر کمر بستہ رہتے ہیں، یہی سچے لوگ ہیں

تفسیر ثنائی - ثنا اللہ امرتسری

اس قسم کے لوگوں کی حالت جو رسول کے ہر حکم پر عمل کریں اور ہر منع سے پرہیز کریں دیکھنا چاہتے ہو تو سنو ! اور دیکھو ان فقراء مہاجرین کو کیسے پکے ایماندار ہیں جو اپنے گھروں اور مالوں سے نکالے گئے محض اس گناہ پر کہ وہ اللہ کے بندے بن گئے ہیں بذریعہ عبادت اللہ کا فضل اور خوشنودی چاہتے ہیں اور حسب توفیق خود اللہ اور رسول کے دین کی مدد کرتے ہیں یہی لوگ ایمان میں سچے ہیں