سورة فصلت - آیت 40

إِنَّ الَّذِينَ يُلْحِدُونَ فِي آيَاتِنَا لَا يَخْفَوْنَ عَلَيْنَا ۗ أَفَمَن يُلْقَىٰ فِي النَّارِ خَيْرٌ أَم مَّن يَأْتِي آمِنًا يَوْمَ الْقِيَامَةِ ۚ اعْمَلُوا مَا شِئْتُمْ ۖ إِنَّهُ بِمَا تَعْمَلُونَ بَصِيرٌ

ترجمہ فہم القرآن - میاں محمد جمیل

جو لوگ ہماری آیات کے ساتھ کج روی کرتے ہیں وہ ہم سے پوشیدہ نہیں، کیا وہ شخص بہتر ہے جو آگ میں جھونکا جائے گا یا وہ بہتر ہے جو قیامت کے دن پرسکون حاضر ہوگا تم جو چاہو اختیار کرو۔ تمہاری حرکات کو اللہ خوب دیکھ رہا ہے

تفسیر ثنائی - ثنا اللہ امرتسری

باوجود اس کے لوگ اس کے حکموں میں کجروی کرتے ہیں پس سنو جو لوگ اللہ کے احکام میں کجروی کرتے ہیں یعنی بدنیتی سے ان کا مقابلہ کرتے ہیں اور ان پر غالب آنے کا خیال پکاتے ہیں وہ ہم سے مخفی نہیں ہم ان کو الٹا جہنم میں ڈالیں گے ان کی اس وقت کی حالت کو ملحوظ رکھ کر بتلائو کیا جو شخص قیامت کے روز آگ میں ڈالا جائے گا وہ بہتر ہوگا یا جو امن وامان سے پروردگار کے پاس آئے گا اور اپنے نیک اعمال کا بدلہ پائے گا کون دانا ہے جو پہلے شخص کو اچھا کہے بے شک دوسرا شخص ہی اچھا ہوگا پس تم سے اے منکرو ! جو چاہو عمل کرو بے شک وہ اللہ تمہارے کاموں کو دیکھ رہا ہے